سیکیورٹی فورسز کا کیچ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،مجید بیریگیڈ کے رِنگ لیڈر سمیت چار دہشتگرد ہلاک

ثنا عرف بارو نے عدیلہ بلوچ کو کالعدم تنظیم میں شامل کیا اور اسے خودکش حملے کی تربیت دی تھی
ispr

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں مجید بیریگیڈ کے رِنگ لیڈر سمیت چار دہشتگرد مارے گئے۔

باغی ٹی وی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 12 اور 13 نومبر کی درمیانی رات دہشت گردوں کے خلاف بالگتار میں کارروائی کی، اس آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں انتہائی مطلوب دہشت گرد سرغنہ ثنا عرف بارو چار ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ ہلاک ہونے والا دہشت گرد سرغنہ ثنا عرف بارو دہشت گردوں کا ریکروٹمنٹ ایجنٹ تھادہشت گرد ثنا عرف بارو نام نہاد مجید بریگیڈ کے لیے ضلع کیچ میں خود کش حملہ آوروں کی بھرتی کرتا تھا، ثنا عرف بارو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔

ثنا عرف بارو نے عدیلہ بلوچ کو کالعدم تنظیم میں شامل کیا اور اسے خودکش حملے کی تربیت دی تھی، ثنا کی ہلاکت عدیلہ بلوچ کے والدین کی معاونت سے ممکن ہو سکی ہے، عدیلہ بلوچ کے والدین نے سیکیورٹی فورسز کو اس بات کی اطلاع دی تھی کہ ان کی بیٹی کو دہشت گردوں نے اغوا کرلیا اور اسے دہشت گردی کی تربیت دی جا رہی ہے،تربت سے گرفتار خودکش بمبار خاتون عدیلہ بلوچ نے صوبائی حکومت کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کئی اہم انکشافات کئے تھے۔

Comments are closed.