ملالہ یوسف زئی نے نئی کتاب لکھنے کا اعلان کردیا

0
65

ملالہ یوسف زئی نے نئی کتاب لکھنے کا اعلان کردیا

نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسف زئی نے اپنی یاد داشتوں پر مشتمل ایک اور کتاب لکھنے کا اعلان کردیا ہے جسے امریکہ اور برطانیہ کے دو پبلشرز بیک وقت شائع کریں گے جبکہ ملالہ یوسف زئی نے اس ضمن میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں اعلان کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ کتاب ان کی دس سالہ یاد داشتوں پر مبنی ہو گی اور یہ عرصہ 2014 کے بعد کا ہو گا۔


واضح رہے کہ انہوں نے دس سال قبل اپنی پہلی کتاب ’ آئی ایم ملالہ‘ لکھی تھی جس میں ان کی شریک ایک خاتون رائٹر تھیں جب کہ اس مرتبہ وہ اکیلی لکھاری ہوں گی۔ انہوں نے مہاجرین بچوں کے حقوق کے لیے بھی 2018 میں ایک کتاب لکھی تھی۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملالہ یوسف زئی کی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں، حالات و واقعات پر مشتمل کتاب کو انگریزی میں شائع کیا جائے گا جس کے بعد دیگر زبانوں میں اس کا ترجمہ کیے جانے کا بھی امکان ہے۔ یاد رہے کہ 2014 کے بعد ہی ملالہ یوسف زئی نے نوبیل انعام جیتا، آکسفرڈ سے گریجویشن کی اور شادی کے مقدس بندھن میں بندھیں۔

2012 میں ملالہ یوسف زئی کو سوات میں اسکول سے واپسی پر حملہ کرکے زخمی کردیا گیا تھا، اس وقت ان کی عمر صرف 15 سال تھی، انہیں ابتدائی طبی امداد پاکستان میں دینے کے بعد علاج کے لیے برطانیہ منتقل کردیا گیا تھا۔ ملالہ یوسف زئی کو 2014 میں بچوں کی تعلیم کے لیے مہم چلانے پر ہندوستان کے کیلاش ستھیارتھی کے ساتھ مشترکہ طور پر نوبیل امن انعام سے نوازا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ملالہ یوسف زئی اعزازی طور پر کینیڈا کی شہریت حاصل کرنے والی چھٹی شخصیت ہیں جنہیں نوبیل پرائز کے علاوہ ورلڈ چلڈرن پرائز ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

Leave a reply