منشیات فروشی کے خلاف سندھ حکومت نے اپنی حکمت عملی تبدیل کر لی

کراچی : منشیات فروشی کے خلاف کراچی پولیس نے اپنی حکمت عملی تبدیل کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد سے منشیات کی لت ختم کرنے کا ٹاسک پورا کرنے کے لیے کراچی پولیس نے حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے منشیات پکڑنے کی بجائے منشیات فروشوں اور ڈیلرز کی گرفتاریوں پر توجہ مرکوز کر دی۔ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے اس سلسلے میں بتایا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے کراچی پولیس نے بہت بڑا اقدم اٹھا رکھا ہے، اب ہم حکمت عملی کو تبدیل کر کے منشیات فروشوں اور ڈیلرز کے خلاف کام کر رہے ہیں۔
غلام نبی میمن نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس کی بجائے کہ ہم منشیات پکڑنے پر توجہ مرکوز کریں، ہم نے منشیات فروخت کرنے اور اس کے ڈیلرز کے خلاف کام کرنے کی حکمت عملی بنا لی ہے، اس سلسلے میں شہر میں سرگرم منشیات فروش اور ڈیلرز کی فہرست بھی تیار کر رکھی ہے ۔
کراچی پولیس چیف کے مطابق فہرست میں موجود کئی منشیات فرشوں کو گرفتار کر کے جیل بھی بھجوایا جا چکا ہے، اور اب اگلے قدم کے طور پر ان منشیات فروشوں کے خلاف مضبوط کیسز تیار کیے جائیں گے، انھوں نے بتایا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملزمان کے خلاف بہتر سے بہتر کیس بنائیں۔

انہوں نے کہاکہ منشیات فروشوں کے خلاف حکومت سے خصوصی پراسیکیوٹرز مختص کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے، کیوں کہ اس پر پیسا بھی لگتا ہے اور دوسری طرف منشیات فروشوں کے پاس پیسہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ حکومت نے جو منشیات کے لیے نیا قانون پاس کیا ہے، اس کے تحت منشیات پر سخت سزائیں رکھی گئی ہیں، اگر اچھے کیسز بنیں گے تو سزا بھی زیادہ ہوگی۔

Comments are closed.