منڈی بہاؤالدین،باغی ٹی وی(نامہ نگارافنان طالب) گورنر پنجاب نے اپنے دورہ منڈی بہاؤالدین کے دوران پیپلز پارٹی کے کردار اور مستقبل کے حوالے سے اہم بیانات دیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کو ایک منصوبہ بندی کے تحت کمزور کیا گیا، لیکن اب پارٹی بحالی کے عمل میں ہے، اور کارکنان واپس آنے لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جو پسے ہوئے اور کمزور طبقات کے لیے کام کرتی رہی ہے۔ انہوں نے ایٹمی پروگرام، کامرہ بیس، اور سی پیک جیسے اہم منصوبوں کا کریڈٹ پیپلز پارٹی کو دیتے ہوئے کہا کہ یہ جماعت نہ صرف عوامی بلکہ سیکیورٹی منصوبوں میں بھی پیش پیش رہی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ساتھ دھاندلی کی گئی، لیکن اب صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جماعت نئے جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا حقیقی لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مشن بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانا ہے۔ گورنر پنجاب نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی تنظیم نو میں اپنا کردار ادا کریں۔