روس پر پابندیوں سے پاکستان سمیت کئی ممالک متاثر ہوں گے:دفتر خارجہ

0
27

اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ روس پر پابندیوں سے پاکستان سمیت کئی ترقی پذیر ممالک متاثر ہوں گے۔اطلاعات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار میڈیا بریفننگ دیتے ہوئے کہاکہ ہم بھارت سے زیر التوا مسائل کے حل کے لیے بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات چاہتے ہیں،ماحول کو سازگار بنانا بھارت کی ذمہ داری ہے،بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیوں کی حمایت کرتا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر افغان بھائیوں کے لیے امداد فراہم کی گئی، زلزلہ سے نقصان پر دلی تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فرینڈز آف گروپ کے اجلاس میں ڈس انفارمیشن کے مقابلے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور منظم حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔

 

 

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ کینیڈین پارلیمان میں پاکستان کے اندرونی معاملات سے متعلق دیے گئے بے بنیاد اور غلط ریمارکس پر کینیڈین ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے 26 ویں اجلاس میں پاکستان کے وفد کی قیادت کرنے کے لیے کیگالی روانڈا کے سرکاری دورے پر ہیں، جنہوں نے گزشتہ روز کامن ویلتھ کے وزرائے خارجہ امور کے اجلاس میں شرکت کی، وزیر مملکت اجلاس اور دو طرفہ ملاقاتوں میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ ہفتے برلن میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے اپنے اجلاس میں پاکستان کے 2018 اور 2021 کے ایکشن پلان کی تکمیل کو تسلیم کیا جس میں 34 آئٹمز شامل ہیں، گرے لسٹ سے نکلنے کے آخری قدم کے طور پر پاکستان کے آن سائٹ دورے کی اجازت بھی دی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے اس پیشرفت کا خیرمقدم کیا ہے اور پاکستان کی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ٹیم کی محنت اور کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کے عمل کے جلد اختتام کی امید ظاہر کی۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی برادری کے ساتھ ملکر 18 اور 19 جون کو نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن اور تنازعات میں جنسی تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا ، پناہ گزینوں کا عالمی دن 20 جون 2022 کو منایا گیا، اس دن کو مناتے ہوئے ہم نے پوری دنیا کے مہاجرین کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔

Leave a reply