میری ٹائم ایجنسی نے سمندر میں پھنسے 14 ماہی گیروں کو بچالیا
پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے سمندر میں پھنسے 14 ماہی گیروں کی زندگیاں بچالیں۔
ترجمان پی ایم ایس کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی بوٹ معمول کے گشت پر سمندر میں موجود تھی۔ پی ایم ایس اے کی بوٹ کو ایمرجنسی کال موصول ہوئی کہ ال نور نامی (رجسٹریشن نمبر بی ایف ڈی 11797 ) ماہی گیر کشتی جو کہ گوادر سے مچھلی کے شکار کے لیے نکلی تھی اس وقت کھلے سمندر میں مشینری خراب ہو جانے کی وجہ سے بے یار و مددگار کھڑی ہے۔
پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی بوٹ مدد کے لیے فوری روانہ ہوئی اور موقع پر جاکر مصیبت زدہ عملے کو کھانا اور طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں کشتی کو کھینچ کر مزید معاونت کے لیے گوادر بندرگاہ پہنچا دیا گیا۔