fbpx

مریم آپ نے کبھی اپنےانکل مودی سے کہا کہ توبڑا ظالم ہے:کشمیریوں کا قاتل ہے:فرخ حبیب

اسلام آباد: مریم آپ نے کبھی اپنےانکل مودی سے کہا کہ توبڑا ظالم ہے:کشمیریوں کا قاتل ہے:،اطلاعات کے مطابق وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مریم صفدر نے کبھی اپنے انکل مودی کو فون کرکے پوچھا کہ وہ نہتے کشمیریوں پر اتنے مظالم کیوں ڈھا رہے ہیں۔

فرخ حبیب نے مریم نواز کی ریاست مخالف تقریروں پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آزاد وجموں کشمیر الیکشن میں جو زبان استعمال ہورہی ہے اس کا فائدہ کشمیریوں کو نہیں، دشمن کو ضرور ہو رہا ہے۔ پرچی چیئرمین کرپشن کا دائرہ آزاد وجموں کشمیر تک بڑھانا چاہتے ہیں، کشمیری عوام محتاط رہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ نے 5 سال کشمیریوں کا استحصال کیا، الیکشن میں ان شااللہ پی ٹی آئی کلین سویپ کرے گی ، گلگت بلتستان طرز کا ٹرانسفرمیشن پلان آزاد و جموں کشمیر کو بھی دیا جائے گا، عمران خان نے اقوام متحدہ، دورہ امریکہ کے دوران ٹرمپ سے ملاقات، او آئی سی سمیت ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔

فرخ حبیب کا پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ عمران خان نے دنیا میں کشمیر کاز کو زندہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جب تک 5 اگست کے مقبوضہ کشمیر کے سٹیٹس کو واپس نہیں لیتا تب تک عمران خان نے کسی قسم کی بات نہ کرنے کا دو ٹوک فیصلہ کیا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرچی چیئرمین بلاول کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ کشمیر تک کرپشن کا دائرہ، جعلی اکاؤنٹس کھولنا چاہتے ہیں،یہ بہروپے ہیں ان کے ہاتھ کرپشن سے رنگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب تمام کیسز میں این آر او مانگا جاتا ہے تو دوسری جانب جان کی ضمانت مانگی جارہی ہے، کیا لندن میں جان کی ضمانت ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان حکومت کی کاوشوں کی بدولت ملک کی معیشت کو مضبوط،کسان خوشحال، مزدور کے لئے روزگار کے نئے مواقع، تعمیراتی صنعت چل رہی ہے، سٹاک ایکسچینج اوپر جارہی ہے،صرف شریف خاندان کی کرپشن کی گروتھ رکی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کھڑے ہو کر بات کریں تو معلوم ہونا چاہیے مودی کس کے گھر آیا، آموں اور ساڑھیوں کے تحائف دیئے گئے،نواز شریف مودی کے حلف پر جا کر حریت راہنماؤں کی بجائے فنکارں اور جندال فیملی سے ملاقاتیں کرتے رہے، ہمیں کشمیر کاز پر سبق نہ پڑھائیں، جس حکومت کے دور میں فضل الرحمان کشمیر کمیٹی کے چیئرمین تھے اس میں سنجیدگی کا پتہ لگ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکتے ہیں اور کشمیر کا مسئلہ ہر سطح پر اجاگر کیا،یہ سب کشمیری عوام جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی الیکشن مہم میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کو طعنے دے رہے ہیں، ن لیگی حکومت نے پانچ سال کشمیری عوام کا استحصال کیا ہے،کشمیری عوام الیکشن میں اس کا جواب ضرور دیں گے ۔

فرخ حبیب نے کہا کہ مریم نواز ، مریم کے ابو کبھی بھی مودی کی مذمت نہیں کریں گے ، مودی کوظالم نہیں کہیں گے ، مریم اورمریم کے ابوکبھی بھی مودی کوکشمیریوں‌ کا قاتل نہیں کہیں گے کیوں‌کہ مریم اورمریم کے ابو کوپاکستان اورکشمیریوں سے نہیں مودی سے محبت ہے