
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز لندن پہنچ گئیں، شہباز شریف بھی آج رات لندن پہنچ جائیں گے جبکہ جمعے کے روز ن کے بڑوں کی بیٹھک میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز آج صبح غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز ای وائی 242 کے ذریعے لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہوئی تھیں۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف بھی آج رات تک لندن پہنچ جائیں گے جبکہ جمعے کے روز لندن میں مسلم لیگ ن کے بڑوں کی اہم ترین میٹنگ ہوگی، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ پارٹی زرائع کے مطابق شہباز شریف اور مریم نواز لندن میں میاں نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے اہم مشاورت بھی کریں گے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن میں ہونے والی اس اہم مشاورت میں شہباز شریف اور دیگر پارٹی رہنما بھی شریک ہوں گے۔ ن لیگ کے پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ میں دھڑ بندیوں کی اطلاع پر نوازشریف نے شہبازشریف کوفوری طور پر لندن طلب کیا تھا۔
اس سے قبل ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ کے ایک گروپ نے نوازشریف سے شکوہ کیا تھا کہ ہمیں استقبال کے معاملات پر نظر انداز کیا جا رہا ہے، جب کہ 10 ایم پی ایز اور 3 ایم این ایز کے گروپ نے شہبازشریف کو تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی قائد نوازشریف خود پارٹی میں دھڑے بندیوں سے متعلق معاملات حل کریں گے۔
دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نوازشریف کے حالیہ بیانات پر سنجیدہ حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا تھا، اور قائد ن لیگ کی جانب سے سخت فیصلوں پر کئی سینئر رہنما پہلے ہی ناراض ہیں۔ ایک طرف پارٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ نیب ترامیم کالعدم ہونے سے شریف فیملی کے لئے مشکلات بڑھ گئی ہیں، اور شہباز شریف، حمزہ شہبازاور دیگر کے خلاف نیب کیسز دوبارہ کھلنے کا بہت واضح امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اوررمضان شوگرملز کیس درج کئےتھے اور شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار بھی کیا گیا تھا، جب کہ حمزہ شہباز بھی رمضان شوگر مل کیس میں جیل میں رہے، اور مریم نواز کو بھی چوہدری شوگر مل کیس میں نیب نے گرفتار کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف پارٹی قائد کو نیب ترامیم کالعدم ہونے سے پیدا شدہ صورتحال اور نواز شریف کی واپسی سے پہلے حفاظتی ضمانت سمیت دیگر اہم امور پر بریفنگ دیں گے۔