کشمیری نوجوانوں کا قتل عام :دنیا بھرکی طرح مظفرآباد میں بھی احتجاج

0
35

مظفرآباد :کشمیری نوجوانوں کا قتل عام :دنیا بھرکی طرح مظفرآباد میں بھی احتجاج ،اطلاعات کے مطابق بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرمیں نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت اور کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کیخلاف آج مظفر آباد میں ایک بڑی بھارت مخالف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

بڑی تعداد میں مظاہرین نے گریڈ سٹیشن چوک سے سنٹرل پریس کلب بنک روڈ تک مارچ کیا ۔ انہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر جموں وکشمیر کی بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کے حق میں نعرے درج تھے ۔

ریلی کی قیادت پاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیراحمد غزالی اور چوہدری مشتاق، شوکت جاوید میر اوردیگر نے کی ۔اس موقع پر فلک شگاف بھارت مخالف نعرے بھی بلند کئے گئے ۔ مقررین نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت جعلی مقابلوں میں نہتے کشمیری نوجوانوں کو قتل کر کے کشمیری مسلمانوں کی منظم نسل کشی کر رہی ہے۔

انہوں نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے قتل عام ،انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، اور دیگر مظالم پر انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا۔مقررین نے کہاکہ بھارت مقبوضہ علاقے میں کھلے عام جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔

انہوں نے بھارتی تسلط سے آزادی تک جدوجہد آزادی کشمیر جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کو انکا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دلانے اور بھارتی ظلم و تشدد بند کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

Leave a reply