کراچی میں موسم بدلنے کے بعد بخار کی مختلف اقسام تیزی سے پھیلنے لگیں، سرکاری اسپتالوں میں یومیہ وائرل انفیکشنز کے تقریباً ڈھائی سو تک کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق طبی ماہرین کہتے ہیں کہ بیماریوں کا سبب بننے والے مچھروں کے خاتمے کیلیے شہر میں اسپرے مہم میں تیزی لائی جائے، مختلف احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہی ان بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔مختلف اقسام کے مچھر شہر میں ملیریا، ڈینگی اور چکن گونیا جیسے وائرل امراض پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔سرکاری اسپتالوں میں ایک دن میں ملیریا، ڈینگی اور چکن گونیا کی علامات کے ساتھ 50 سے زائد مریض آرہے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق کراچی میں رواں سال اب تک ڈینگی کے ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک شخص انتقال کرچکا ہے۔ شہر میں ملیریا کے ڈیڑھ ہزار جبکہ چکن گونیا کے ڈیڑھ سو سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق ضلعی ٹیمیں شہر میں اسپرے مہم انجام دے رہی ہیں۔وائرل انفیکشنز کے پھیلاو کو روکنے کیلیے ضروری ہے ماسک کا استعمال لازمی کیا جائے اور اپنے ارد گرد صفائی ستھرائی کا بھی خاص خیال رکھا جائے تاکہ ان امراض سے کسی حد تک بچا جاسکے۔