موازنہ کرنا چھوڑ دیجئے!!! — محمد فھد حارث

0
42

2019ء میں نئی کمپنی نے ہماری کمپنی کو ایکوائر کیا تو مامون اور ریا کو آفر لیٹر میں تنخواہ دس ہزار درہم بڑھادی جبکہ مجھے صرف ڈھائی ہزار درہم بڑھائے۔۔۔ میرے ساتھ ہی ایسا کیوں ہوتا ہے؟؟؟

تصویر کا دوسرا رخ: پروفیشنلی مامون مجھ سے دس سال جبکہ ریا پانچ سال سینئر ہے اور یہ دونوں کمپنی میں مجھ سے گیارہ سال قبل سے کام کررہے ہیں۔ لیکن 2011ء میں جب میں نے کمپنی جوائن کی تو پروفیشنلی ان سے جونیر ہونے کے باوجود 8 سال تک مامون کے برابر اور ریا سے زیاددہ تنخواہ لیتا رہا جبکہ انکا اور میرا گریڈ سیم تھا۔۔۔۔۔ تب مامون اور ریا کو کیسا لگتا ہوگا؟؟؟؟

ارے یہ کیا تیسرا سال ہے اور میرے ماتحت کام کرنے والے احمد کو اپریزل میں 4 ریٹنگ مل رہی ہے جبکہ کئی اچیومنٹس کے باوجود مجھے پچھلے دو سال سے 3 ریٹنگ مل رہی ہے۔۔۔۔۔ میرے ساتھ ہی ایسا کیوں ہوتا ہے؟؟؟

تصویر کا دوسرا رخ: احمد اور میں پروفیشنل تجربے میں برابر ہیں یعنی پچھلے اٹھارہ سالوں سے ہم ٹیلیکوم انڈسٹری میں کام کررہے ہیں۔ احمد کے پاس انجینیرنگ کے ساتھ ساتھ ایم بی اے کی ڈگری بھی ہے جبکہ میں فقط انجینئر ہی ہوں لیکن اس کے باوجود میں اس سے دو گریڈ سینئر اور اسکا لائن مینجر ہوں۔۔۔۔ احمد کو کیسا لگتا ہوگا؟

ارے یہ کیا، میرے دوست نے اپنی بیگم کو اس سال شادی کی سالگرہ پر سونے کا سیٹ دیا جبکہ میں تو دوسرے خرچوں کے سبب اس سال بیگم کو کچھ نہ دے سکا۔۔۔۔۔ میرے ساتھ ہی ایسا کیوں ہوتا ہے؟؟؟

تصویر کا دوسرا رخ: سالوں کوشش اور انتھک محنت کرنے کے بعد دوست کو اس سال اچھی جاب آفر ہوئی اور وہ کم تنخواہ سے زہادہ تنخواہ والی نوکری سوئچ کرسکا۔ اسی سبب اتنے سالوں میں پہلی دفعہ اس نے اپنی بیگم کو اتنا مہنگا تحفہ دیا جبکہ میری جاب تو ہمیشہ اچھی رہی اور شادی کے ہر سال ہی میں کچھ نہ کچھ مہنگا تحفہ بیگم کو دیتا رہتا ہوں۔۔۔۔ جب میں تحفہ دیتا ہونگا اور میرا دوست نہ دے سکتا ہوگا تو اسکو کیسا لگتا ہوگا؟؟؟

پس خود کا دوسروں سے موازنہ کرنا چھوڑ دیجئے۔ دوسرے کے پاس کیا ہے اور وہ وہاں کن مشکلات سے پہنچا ہے، آپکو اسکا ادراک کبھی نہیں ہوسکتا۔ آپ جس جگہ موجود ہیں، وہ آپ کے لیے اللہ کی طرف سے ودیعت بہترین جگہ ہے۔ جو احسان مالک نے آپ پر کر رکھا ہے، دوسرے اسے رشک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پس جو ہے جیسا ہے اس پر خوش و مطمئن رہنا سیکھیے۔ جو نہیں ہے، اس کی کڑ کڑ میں لگے رہے تو زندگی جہنم بن جائے گی۔ یہ مت دیکھیے کہ آپ کے پاس کیا نہیں ہے؟ بلکہ یہ دیکھیے کہ آپ کے پاس وہ کیا کیا ہے جس سے دوسرے محروم ہیں جبکہ عقل و جسم، پڑھائی و ٹیلنٹ میں وہ آپ سے کسی طور کم نہیں۔

Leave a reply