منڈی بہاءالدین: موٹر سائیکلوں سمیت لاکھوں روپے کی مالیت کا چوری شدہ مال برآمد
منڈی بہاءالدین (باغی ٹی وی نامہ نگارافنان طالب) منڈی بہاءالدین میں موٹر سائیکل چوری کرنے والے دو بڑے گینگ کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی پی او احمد محی الدین نے بتایا کہ ملزمان سے 26 موٹر سائیکلیں، مویشی، بکریاں، ایک رکشہ اور لاکھوں روپے برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ان گینگز کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے تھانہ ملکوال کے 49 مقدمات حل کر لیے ہیں۔
تفصیل کے مطابق ڈی پی او منڈی بہاءالدین احمد محی الدین نے مقامی میرج ہال میں پریس کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملکوال میں موٹر سائیکل چھیننے، چوری اور سرقہ بالجبر کی بڑھتی وارداتوں پر ڈی ایس پی ملکوال غلام جعفر چھینہ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ ملکوال غلام عباس ہاشمی کی قیادت ایک سپیشل ٹیم تشکیل دی گئی۔ جس نے شب و روز محنت کرکے رضوانو گینگ اور وارثو گینگ کے سات ملزموں کو گرفتار کیا۔
ڈی پی او نے کہا کہ تفتیش کے دوران ملزموں سے 26 موٹر سائیکلیں، چھ راس مویشی، دس شاخ بکریاں، ایک رکشہ اور سات لاکھ بائیس ہزار نقدی برآمد کر لی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ پولیس نے ان دو گینگز سے ایک کروڑ تین لاکھ روپے مالیت کی ریکوری کر لی ہے، ڈی پی او احمد محی الدین نے کہا کہ ان دو گینگز کی گرفتاری سے تھانہ ملکوال کے 49 سنگین نوعیت کے مقدمات یکسو ہو گئے ہیں،
ڈی پی او نے برآمد ہونے والے موٹر سائیکل، مویشی، بکریاں، رکشہ اور نقدی اصل مالکان کے حوالے کر دی۔ ڈی پی او نے اس شاندار کارکردگی پر ایس ایچ او تھانہ ملکوال غلام عباس ہاشمی، اے ایس آئی غضنفر عباس اور تفتیشی ٹیم کے دیگر اہلکاروں کو شاباش دی، انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف ضلع کے تمام تھانوں میں کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور سب مجرموں کو سلاخوں کے پیچھے ڈالا جائے گا۔
بعد ازاں ڈی پی او احمد محی الدین نے کھلی کچہری لگائی جس میں انہوں نے سائلین کی درخواستوں پر احکامات جاری کئے