ناروے: پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔ مہوش حیات کو ناروے میں بہترین کارکردگی پر "پرائڈ آف پرفارمنس” ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اداکارہ مہوش حیات نے فلم و ڈرامہ انڈسٹری میں بہترین کارکردگی پر ستارہ امتیاز کے بعد بیرون ملک "پرائڈ آف پرفارمنس” کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ مہوش حیات کو یہ ایوارڈ اوسلو کی چودہ اگست کمیٹی کی جانب سے نوازا گیا ہے.
اداکارہ مہوش حیات نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ہالی ووڈ اور بالی ووڈ پاکستان اور پاکستانیوں کا چہرہ ہمیشہ دہشتگرد کے طور پر دکھاتے ہیں، جبکہ فنکار تو امن کے سفیر ہوتے ہیں۔ ان فلموں میں ہماری قربانیوں کا ذکر کہیں نہیں نظر آتا جو ہم نے دہشتگردی کی جنگ میں دی ہیں. مہوش کا کہنا تھا کہ سینما ایک مخصوص سوچ کو بدلنے کی بھرپور طاقت رکھتا ہے۔
اس موقع پر اداکارہ نے مسئلہ کشمیر پر بھی بات کی۔ مہوش حیات کی تقریر پر لوگوں نے ان کو بہت سراہا ہے اور اقوام متحدہ کو مخاطب کر کے پریانکا کی بجائے مہوش حیات کو امن کی سفیر بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے.
رواں برس 23 مارچ کو صدر عارف علوی نے یوم پاکستان پر مہوش حیات کو "تمغہ امتیاز” سے نوازا تھا جس پر عام لوگوں سمیتھ کئی اسٹارز نے تنقید کی کہ سینیئرز ہونے کے باوجود مہوش کو اعزاز دیا گیا لیکن آج مہوش کو "پرائڈ آف پرفارمنس” اعزاز ملنے پر سراہا جا رہا ہے.