اَلَاۤ اِنَّ اَوْلِیَآءَ اللّٰهِ لَا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَ لَا هُمْ یَحْزَنُوْنَۚۖ(۶۲) — ضیغم قدیر

0
23

اگر مجھے یہ پوچھا جائے کہ ضیغم قرآن پاک میں سے تمہاری پسندیدہ آیت کونسی ہے تو میں لا محالہ آنکھیں بند کئے پڑھ دونگا کہ

اَلَاۤ اِنَّ اَوْلِیَآءَ اللّٰهِ لَا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَ لَا هُمْ یَحْزَنُوْنَۚۖ(۶۲)

کیونکہ قرآن پاک میں میری موسٹ فیورٹ آیت یہی ہے۔ میرے نزدیک یہ آیت آیت نہیں ایک فلسفہ حیات ہے۔

وہ فلسفہ حیات جسے سمجھتے ہوئے ہم اکثر عمریں بیتا دیتے ہیں۔ لیکن ہم وہ باتیں سمجھ نہیں پاتیں۔ لیکن اکثر لوگوں کیساتھ یہ ہوتا ہے کہ ان کو کچھ بتانے والے بتا جاتے ہیں اور وہ جہاں عمر بھر کی محنت کرنے سے بچ کر ایک چیز سیکھ جاتے ہیں تو وہیں ان کو بہت سی ایسی غلطیوں سے بچنے کا موقعہ مل جاتا ہے۔

یہ آیت کیا ہے؟

یہ آیت دراصل ایک درس ہے۔ زندگی جینے کا درس، اس کا سادہ ترجمہ یہی ہے کہ انہیں نا خوف ہوتا ہے نا وہ غمگین ہوتے ہیں مطلب انہیں کوئی غم یا اندیشہ نہیں ہوتا ہے۔

لیکن یہاں خوف کس کا ہوتا ہے اور اندیشہ کیونکر لاحق ہو جاتا ہے یہ جاننا بہتر ہے اور یہ دو سال پہلے ایک کال ڈسکشن پہ جاننے کی کوشش ہوئی۔

بتانے والے نے بتایا کہ غم ہمیشہ ماضی کا ہوتا ہے۔ وہ غم جو ہمیں ڈراتا ہے، ماضی کی باتوں سے، ان لمحوں سے جو ناپسندیدہ ہوں، جو ہماری چاہ سے ہٹ کر گزرے ہوں یا وہ امکانات جو ہماری دسترس میں نا آسکے ان کا پچھتاوا ہوتا ہے۔ یہ غم ہمیں ساری زندگی ایک پنجرے میں مقید کئے رکھتا ہے۔

بہتے ایسے ہوتے ہیں جو اپنے ماضی سے نہیں نکل سکتے ان کو انکا ماضی اپنے سحر میں جکڑے ڈستا ہے بالکل ویسے ہی جیسے کہانیوں میں آپ نے سنا ہوگا کہ کوبرا آپ کو ہپناٹائز کرکے ڈستا ہے۔ یہ ماضی بھی آپ کو ہپناٹائز کرتا ہے اور پھر تب تک ڈستا ہے جب تک موت نہیں آ جاتی۔ آپ کا ہر لمحہ تکلیف میں گزرتا ہے ہر سیکنڈ کرب میں گزرا سیکنڈ ہوتا ہے۔

وہیں جن میں یہ غم نہیں ہوتا ان میں خوف ہوتا ہے۔ خوف کس چیز کا ہو سکتا ہے؟ اور مستقبل ہی کیوں اس خوف کی بہترین تفسیر ہو سکتا ہے؟ اس لئے کہ یہ بھی ساحر ہے، غم سے بڑا ساحر، جو آپ کو مقید کئے رکھتا ہے ان اندیشوں میں جو نا ہوئے واقعات کو اپنی لپیٹ میں لیکر آپ کی سانس تنگ کر رہے ہوتے ہیں ان لمحات کے اندیشے جو کبھی ہو ہی نہیں سکتے، یہ اگر مگر کیسے کی سوچ ہے جو ان اندیشوں کی بنیاد رکھتی ہے۔

اب یہاں وہ لوگ کون ہیں جو یہ خوف نہیں رکھتے، یہ غم نہیں رکھتے؟ یہ لوگ دراصل خدا کے پسندیدہ لوگ ہیں۔ وہ لوگ جنہیں قرب خداوندی حاصل ہے وہ ماضی کے خوف سے مبرا اور مستقبل کے اندیشوں سے خالی ہو کر جیتے ہیں۔

انہیں غم نہیں ہوتا کہ ماضی کیا گزرا ہے اور خوف نہیں ہوتا کہ مستقبل کیسا ہووے گا۔ وہ اس غم سے نکل چکتے ہیں کہ کاش ایسا کیا ہوتا تو ایسا ہو جاتا اور وہ اس اندیشے سے چھٹکارہ پا چکے ہوتے ہیں کہ اگر یوں ہو جائے تو۔ وہ بس حال میں جیتے ہیں وہ حال جو ماضی کے پچھتاوں اور مستقبل کے اندیشوں سے پاک ہو۔ وہ ایک پرسکون حال میں جیتے ہیں جس میں مستقبل کی تیاری تو ہوتی ہے مگر خوف نہیں ہوتا۔ وہ ایک پرسکون زندگی جی رہے ہوتے ہیں۔

مجھے نہیں معلوم کون کتنا خدا کے قریب ہے اور کون نہیں نا ہی مجھے یہ جاننے کی تمنا ہے مگر مجھے اتنا علم ضرور ہے کہ یہ آیت ایک گتھی سلجھا چکی تھی وہ گتھی جو زندگی کی ڈوروں نے الجھا کے رکھی ہوئی تھی۔ مستقبل یا ماضی کے اندیشوں اور خوف سے آزاد ہو کر جینا ہی اصل جینا ہے۔

Leave a reply