بیلیز میں طیارہ ہائی جیک کرنے کی کوشش کرنیوالا امریکی شہری ہلاک

1 مہینہ قبل
تحریر کَردَہ
usa

بیلیز: حکام کے مطابق، امریکی ریاست سے تعلق رکھنے والا 49 سالہ شہری "اکینیلا ساوا ٹیلر” جمعرات کے روز بیلیز میں ایک مقامی پرواز کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کے دوران ہلاک ہو گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹیلر نے "ٹراپک ایئر” کی سان پیڈرو جانے والی پرواز میں سوار ہو کر چاقو کے زور پر حملہ شروع کر دیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ صبح 8:30 بجے فلپ ایس ڈبلیو گولڈسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آیا، جس کے فوراً بعد ایئرپورٹ پر ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔ ٹیلر نے طیارے میں موجود کئی افراد پر چاقو سے حملہ کیا، تاہم ایک مسافر نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ٹیلر پر گولی چلا دی، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔اخبار "نیوز ویک” کے مطابق، حملے کے دوران طیارہ – ایک "سسنا کاراوان V3HIG” – ایئرپورٹ کے گرد بے ترتیب چکر کاٹتا رہا، جبکہ ایندھن ختم ہونے کے خدشات بھی بڑھنے لگے۔ آخرکار طیارہ صبح 10:12 بجے لینڈ کر گیا، جس کے بعد پولیس اور ہنگامی عملے نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی اور مشتبہ شخص کو اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

بیلیز کے پولیس کمشنر "چیسٹر ولیمز” نے مذکورہ مسافر کو جوابی کارروائی کرنے پر "ہیرو” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ شخص بروقت مداخلت نہ کرتا تو نقصان کہیں زیادہ ہو سکتا تھا۔پرواز میں کل 14 مسافر سوار تھے، جن میں دو امریکی شہری بھی شامل تھے، جبکہ عملے کے دو افراد بھی موجود تھے۔ حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ ٹیلر طیارے میں چاقو لے جانے میں کیسے کامیاب ہوا اور وہ ملک میں داخل کیسے ہوا، جب کہ اسے ہفتے کے اختتام پر ملک میں داخلے سے منع کر دیا گیا تھا۔امریکی سفارتخانہ پولیس کے ساتھ مل کر اس واقعے کی تفتیش میں مدد کر رہا ہے۔

ممتاز حیدر

ممتاز حیدر اعوان ،2007 سے مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے ہیں، پرنٹ میڈیا میں رپورٹنگ سے لے کر نیوز ڈیسک، ایڈیٹوریل،میگزین سیکشن میں کام کر چکے ہیں، آجکل باغی ٹی وی کے ساتھ بطور ایڈیٹر کام کر رہے ہیں
Follow @MumtaazAwan

Latest from بین الاقوامی