میرٹ اورسنیارٹی کی بنیاد پر تعیناتیاں ایک مثال ،تجزیہ: شہزاد قریشی

0
36

میرٹ اورسنیارٹی کی بنیاد پر تعیناتیاں ایک مثال ،تجزیہ: شہزاد قریشی
پاک آرمی اور مسلح افواج کے سربراہان کی میرٹ اور سنیارٹی کی بنیاد پر تعیناتیاں ایک مثال ہے جس کے دور رس نتائج اور ثمرات ملک و قوم کو ملیں گے۔ مسلح افواج کی موجودہ اور آئندہ قیادت ایک عرصے سے یقین دہانیاں کرا رہی ہے کہ افواج پاکستان غیر سیاسی اور نیوٹرل رہنا چاہتی ہیں اور سیاسی قیادت اور سیاسی جماعتوں کو اپنے مسائل خود حل کرنے چاہئیں اور مسلح افواج کو سیاسی معاملات میں نہ گھسیٹا جائے۔ قربان جاؤں میں اپنے میڈیا ہاؤسز اور اینکر پرسنز ، سوشل میڈیا پر جنہوں نے عسکری تقرریوں کے فوراً بعد اپنی اپنی سکرینوں پر سرشام اپنی اپنی بزم سجا کر ایک نئے جذبے سے مباحثے چھیڑ کر بلاضرورت تبصرے اور تجزیئے شروع کردیئے ۔ کیا ملک و قوم کے یہی ایشوزرہ گئے ہیں؟

اس وقت اسلام آباد اور پنجاب میں سیاسی رہنمائوں نے اپنی من پسند انتظامی افسران اور پولیس افسران کو تعینات کر کے نہ صرف پنجاب بلکہ اسلام آباد کی معصوم عوام کو چوروں، ڈاکوئوں، لینڈ مافیا اور دیگر معاشرتی جرائم پیشہ کے حوالے کر دیا ہے۔ پنجاب کے سلطان وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی اور پی ٹی آئی کو نوجوان نسل جو پنجاب کے شہری اور دیہی علاقوں کے کالجز میں پڑھ رہی ہے پروفیسروں کی کمی کی وجہ سے پریشان ہیں۔ کم عمر مزدوروں کی کھیپ آبادی میں اکثریت حاصل کر رہی ہے ۔ بیماریوں میں مبتلا بوڑھے ،بچے ،خواتین سندھ، بلوچستان، پنجاب ، کے پی کے اور گلگت بلتستان کے دور افتادہ علاقوں میں صحت کی سہولتوں سے محروم ہیں۔ غربت، بیروزگاری ، جہالت، جرائم میں بے پناہ اضافہ یہ وہ ایشوز ہیں جو عام آدمی کے ایشوز ہیں۔ عام آدمی کے مسائل کو پس پشت ڈال کر سیاسی پنڈت اور میڈیا عسکری تقرریوں کو موضوع بحث لاکر کون سی عوامی خدمت سرانجام دینے جا رہی ہے

آدھی سے زیادہ آبادی کو اور بچوں کو ملاوٹ شدہ دودھ پلایا جا رہا ہے۔ جعلی ادویات، ملاوٹ شدہ خوراک، ذخیرہ اندوزی، زمینوں پر قبضے، سول بیورو کریسی کے ناز نخرے، نام نہاد سیاسی رہنمائوں کا غرور اور تکبر۔ خدا راہ اس ملک اور اس کی عوام پر رحم کریں کسی بھی ملک کی طاقت اور رونق عوام ہوتی ہے عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

Leave a reply