میاں اسلم اقبال کا دورہ گوجر کالونی، عوام کو کس چیز کی یقین دہانی کرائی؟
صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے صوبائی حلقے 170 کے علاقے گوجر کالونی کا دورہ کیا ہے.
میاں اسلم اقبال نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تحت جاری صفائی آپریشن کاجائزہ لیا اور لوگوں کے مسائل سنے. ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری امین، پی ٹی آئی رہنما عون چوہدری،ڈی ایم ڈی، ایل ڈبلیوایم سی اور جی ایم آپریشنز بھی اس موقع پر موجود تھے. صوبائی وزیر نے علاقے کے عوام کو صفائی، نکاسی آب اور دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے.
صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے لوگوں کے اجتماع سے خطاب کیا ہے. انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان تحریک انصاف نعروں پر نہیں، عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے. میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اڑھائی سالوں میں عوامی فلاح کے ریکارڈ کے منصوبے مکمل کئے ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے کرپشن کے ریکارڈ بنائے ہیں ، ہم عوامی خدمت کے ریکارڈ بنارہے ہیں. انہوں نے کہا کہ ماضی میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر کی گئی لوٹ مار کو عوام ابھی بھولے نہیں ہیں، پنجاب میں ایک شعبدہ باز نے ذاتی تشہیر کے لئے نمائشی منصوبوں پر وسائل ضائع کئے ہیں.
انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی غلط ترجیحات اور ناقص معاشی پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، ملک کی معاشی تباہی کے ذمہ دار دو خاندانوں نے قوم کی لوٹی ہوئی دولت سے بیرون ملک محلات کھڑے کئے ہیں،
اپنی لوٹی ہوئی دولت بچانے اور این آر او کے حصول کے لئے احتجاج کا ڈرامہ کر رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے کرپٹ ٹولے کو این آر او ملے گا اور نہ ہی لوٹی ہوئی دولت بچے گی، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کرپشن کے خلاف جنگ جیتں گے.
ان کا کہنا ہے کہ عوام کا سیاسی بے روزگاروں کی منفی اور انتشار کی سیاست سے کوئی سروکار نہیں، مفاد پرست ٹولے کو ہر محاذ پر ناکامی کے بعد اپنی سیاست ڈوبتی نطر آرہی ہے.
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں تبدیلی اور معاشی ترقی کی منزل پائیں گے، علاقے میں گرلز کالج اور مدر اینڈ چائلڈ کئر ہسپتال کے قیام کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے بات کرونگا، علاقے کے عوام کو درپیش تمام مسائل حل کریں گے.