شاہ محمود قریشی کی ایم کیو ایم رہنماؤں سےملاقات: وزیراعظم کا اہم پیغام پہنچا دیا گیا:حکمت عملی طئے

0
38

اسلام آباد:ایم کیو ایم رہنماؤں سےملاقات،وزیراعظم کا اہم پیغام پہنچا دیا گیا:حکمت عملی طئے اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد اُسے ناکام بنانے کے لیے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی متحرک ہو گئے۔

وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے ہمراہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ایم کیو ایم رہنماؤں میں وفاقی وزیر فروغ نسیم، وفاقی وزیر امین الحق، جاوید حنیف، صادق افتخار شامل تھے۔

ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اہم پیغام متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں کو پہنچایا۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ادھر 27 مارچ کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد میں ہونے والے جلسے میں ترین گروپ نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں ترین گروپ کی مشاورتی بیٹھک ہوئی، صوبائی وزیر مراد راس سے ملاقاتوں اور حکومتی شخصیات کے رابطوں پر مشاورت کی گئی،

اجلاس کے دوران ارکان نے جہانگیر ترین کو رائے دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاملات کو حل کرنا صوبائی وزراء کے بس میں نہیں۔ ہمیں مذاکرات وفاقی ٹیم یا وزیر اعظم سے ہی کرنے چاہئیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں شرکت نہیں کی جائے گی۔

ترین گروپ کے رکن فیصل حیات جبوانہ نے کہا کہ جب تک ہمارے معاملات کو حل نہیں کیا جاتا تو حکومت کی کسی ایکٹویٹی میں شامل نہیں ہو نگے۔ ترین گروپ کے تمام اراکین متحد ہیں اور یہ سب کا مشترکہ فیصلہ ہے، وفاق کی سطح پر معاملات کے حل کےلئے مذاکرات کرینگے۔

Leave a reply