میر ضیاءاللہ لانگو کی رکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند سے ملاقات:معاملات طئے پاگئے

صوبائی مشیر داخلہ و قبائلی امور میر ضیاءاللہ لانگو نے رکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند سے ملاقات کی۔

ملاقات کے درمیان مشیر داخلہ نے سردار یار محمد رند کو وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا خصوصی پیغام پہنچایا اور ڈھاڈر کے مقام پر قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنے اور بندش سے متعلق امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

مشیر داخلہ کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ کچھی کے علاقے بالاناڑی میں اعوان برادری کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیات کو یقینی بنایا گیا ہے، متاثرین کی داد رسی کی جائے گی اور اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ ان کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔

صوبائی مشیر داخلہ نے کہا کہ قومی شاہراہ پر احتجاج و دھرنے کے باعث مسافروں کومشکلات کا سامنا ہے۔

اس موقعے پر رکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند نے عوام کی مشکلات، وزیر اعلیٰ کے پیغام اور صوبائی مشیر کی یقین دہانی پر احتجاجی دھرنا کوئٹہ منتقل کرنے اور قومی شاہراہ کھولنے کا اعلان کیا۔

اعلان کے فوری بعد مظاہرین کی جانب سے قومی شاہراہ سے دھرنا ختم کرتے ہوئے اسے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

Comments are closed.