میرپورخاص،باغی ٹی وی (نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ) ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ نے شہر میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرپورخاص میں لاقانونیت نے ڈیرے ڈال لیے ہیں اور شہر کی صورتحال قبائلی علاقوں جیسی ہو چکی ہے۔ گذشتہ روز تھانہ دلبر مہر کی حدود میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نوجوان سلیم شیخ کا قتل اس بات کا واضح ثبوت ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے انچارج خالد تبسم، جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن اور دیگر اراکین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں چوری، ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور عوام کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے مقتول سلیم شیخ کے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ایم کیو ایم رہنماؤں نے صدر پاکستان، وزیر اعظم، چیف آف آرمی اسٹاف، گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم اور مقامی پولیس کی ناقص کارکردگی کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر جرائم پر قابو نہ پایا گیا تو عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے۔