میرپورخاص:مسجد فیضان القرآن کے قریب پیور بلاک روڈ کی تکمیل پر حاجی محمد علی کے اعزاز میں تقریب

میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ ) مسجد فیضان القرآن میر کے پلاٹ، ہیرا آباد کی گلی میں پیور بلاک روڈ کی تکمیل پر یونین کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد علی کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں مقامی نعت خواں حضرات نے ہدیہ نعت پیش کیا، جبکہ دعوت اسلامی کے مبلغ محمد اقبال ضیائی نے اظہار خیال کرتے ہوئے حاجی محمد علی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب گلی کا کام جاری تھا، اس وقت میں عمرے کی سعادت حاصل کر رہا تھا اور آپ کے حق میں دعائیں کر رہا تھا کہ آپ نے مسجد والی گلی میں نمازیوں کے لیے آسانی پیدا کی۔

حاجی محمد علی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست میں خدمت کے جذبے سے آئے ہیں اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر فنڈز کی کمی بھی ہو تو وہ علاقے کے جائز کام کو اپنی مدد سے مکمل کرائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ یونین کمیٹی کے چاروں وارڈوں میں سیوریج اور سڑکوں کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو سہولت ملے اور علاقے میں ترقی کا سفر جاری رہے۔

اہل علاقہ نے حاجی محمد علی کے اس اقدام کو سراہا اور ان کے لیے دعائیں کیں کہ وہ عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں اور علاقے کی بہتری کے لیے مزید کام کریں۔

Comments are closed.