میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میرپورخاص ڈویژن کے صدر افتاب حسین قریشی اور سندھ کے نائب صدر ملک راجا عبدالحق نے عمرکوٹ روڈ پر بچہ بند کے قریب غیر قانونی ٹول ٹیکس کے خلاف سول سوسائٹی اور مقامی مکینوں کے احتجاج میں شرکت کی۔
مظاہرین نے غیر قانونی ٹول ٹیکس کو عوام پر اضافی بوجھ قرار دیتے ہوئے اس کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ یہ غیر قانونی وصولی عوام کے ساتھ زیادتی ہے اور اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے احتجاجی مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ پارٹی عوامی حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرے گی، اور اگر ٹیکس فوری طور پر ختم نہ کیا گیا تو مزید سخت احتجاج کیا جائے گا۔
احتجاج میں شہریوں، ٹرانسپورٹرز اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔