ٹریفک وارڈنز کیلئے جزا اورسزا کا جدید سسٹم متعارف
لاہور: ٹریفک وارڈنز کیلئے جزا اورسزا کا جدید سسٹم متعارف کروا دیا گیا ، اطلاعات کے مطابق ٹریفک پولیس نے وارڈنز کی کارکردگی جانچنے کے لئے پوائنٹس سسٹم متعارف کرا دیا ۔ پوائنٹس سسٹم پر کارکردگی کو جانچتے ہوئے ہر ماہ انعامات اور سزائیں دی جائیں گی۔
چیف ٹریفک آفیسر سید حماد عابد کے مطابق شہریوں کی مدد، فرض شناسی، فرائض میں ذمہ داری،ٹرن آﺅٹ اور اچھے کنڈیکٹ پر پوائنٹس ملیں گے جبکہ شہریوں سے ناروا سلوک ،غیر حاضری، فرائض میں عدم دلچسپی اور سزا ملنے کی صورت میں پوائنٹس کم ہوں گے۔اچھی شہرت، فرض شناشی، اچھے ٹرن آﺅٹ پر 05،05 پوائنٹس ملیں گے۔
سی ٹی او کا کہنا ہے کہ فرائض میں ذمہ داری پر 5 پوائنٹس اوراوورآل کنڈیکٹ پر 5 پوائنٹس ملیں گے جبکہ شہریوں کی مدد کرنے، قانون شکن عناصر کی سرکوبی اور گمشدہ اشیاء کی شہریوں تک باحفاظت واپسی پر 10 پوائنٹس ملیں گے اور امور کی بہترین سرانجام دہی اور ریکارڈ کی تکمیل پر 10 پوائنٹس ملیں گے،ان کا کہناتھا کہ بریفنگ، ڈی بریفنگ میں حاضر ی پر بھی 10 پوائنٹس ملیں گے۔
سید حماد عابد کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر موثر کارروائی پر 10 سے لے کر 100 پوائنٹس ملیں گے جبکہ 24 گھنٹے غیر حاضر رہنے پر 10 پوائنٹس جبکہ 04 یوم غیر حاضر ہونے والوں کو انعام کی کیٹگری سے نکال دیا جائے گا، شہریوں کی طرف سے بعداز انکوائری کمپلین درست ثابت ہونے پر 15 پوائنٹس منفی ہوں گے جبکہ سب سے زیادہ 50 پوائنٹس کرپشن کی شکایت درست ثابت ہونے پر منفی ہوں گے۔
واضح رہے کہ شہر میں ٹریفک حادثات سے بچاؤ اور عوامی تحفظ کے لئے وارڈنز کو مختلف جگہوں پر تعینات کیا جاتاہے،ٹریفک وارڈن عوام کی رہنمائی کے لئے ہدایات جاری کرتے تاکہ حادثات سے بچا جاسکے، عوامی تحٖفظ کے لئے آگاہی مہم چلائی تو جاتی مگر افسوس کے امیرزادوں کی بگڑی ہوئی اولادیں قوانین کو روند ڈالتی ہیں جس کے معاشرے پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں، ایسے عناصر کو حراست میں لیا جائے تو اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹی سے ہاتھ دھوناپڑتا ہے۔