مودی کا جادو ایک بار پھر چل گیا، کانگریس بری طرح ہار گئی

بھارتی الیکشن میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کا جادو ایک بار پھر چل گیا ہے اور ان کی پارٹی لوک سبھا انتخابات میں نہ صرف واضح فتح حاصل کر رہی ہے بلکہ مغربی بنگال اور اوڈیشہ میں بھی اس نے اپنی حالت مضبوط کرکے مخالفین کی بولتی بند کردی ہے۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کانگریس کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور وہ صرف پچاس سیٹوں کے آس پاس سمٹ کررہ گئی ہے جس کے سبب پچھلی مرتبہ کی طرح وہ اس بار بھی لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر کا عہدہ حاصل کرنے کی حالت میں نہیں لگ رہی۔ کانگریس کی بری طرح شکست سے واضح ہو گیا ہے کہ اسے عوامی ہمدریاں حاصل نہیں رہیں.
کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے اپنی پارٹی کی شکست قبول کرتے ہوئے ہندوستانی وزیراعظم مسٹر مودی کو شاندار جیت کے لئے مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے امیٹھی سیٹ پر جیتنے والی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کو بھی مبارکباد دی ہے۔
یاد رہے کہ بی جے پی بھارتی الیکشن میں واضح برتری حاصل کر چکی ہے اور چند دنوں بعد نریندر مودی اور ان کے کابینہ کے اراکین دوبارہ حلف اٹھائیں گے. لوک سبھا الیکشن کے سلسلہ میںووٹوں کی گنتی جاری ہے تاہم زیادہ تر حلقوں میں 90 فیصد سے زائد گنتی مکمل ہوچکی ہے جس کے تحت بی جے پی اتحاد کو 348، کانگریس اتحاد 78، مہاگتھ بندھن 18 اور دیگر مقامی جماعتوں کو 98 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ مودی حکومت نے پلوامہ حملے کے بعد نام نہاد سرجیکل سٹرائیک کا ڈرامہ رچایا اور ہندوستانی فوجیوں کی تصویریں استعمال کر کے اپنی عوام کو بے وقوف بنانے کے بعد الیکشن جیتنے میںکامیاب رہے. بی جے پی راجھستان اور گجرات میںمکمل کلین سویپ کر رہی ہے. اسی طرح تامل ناڈو، کیرالہ، پنجاب، اترپردیش، ویسٹبنگال، تلنگانہ اور دیگر ریاستوںمیںبھی واضح برتری حاصل کر رہی ہے.