کراچی: اجتماعی شادیوں کی تقریب میں 100 سے زائد ہندو جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک

کراچی,باغی ٹی وی (نمائندہ خصوصی ڈاکٹربشیربلوچ)پاکستان ہندو کونسل اور ڈاکٹر پریم کمار سیتل داس میموریل ٹرسٹ کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی سالانہ رنگا رنگ تقریب کا انعقاد ریلوے گراؤنڈ کراچی میں کیا گیا، جس میں 100 سے زائد ہندو جوڑے ازدواجی بندھن میں بندھ گئے۔

تقریب کے سرپرست اعلیٰ اور پاکستان ہندو کونسل کے سربراہ، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا، "غریب اور نادار جوڑوں کا گھر بسانا روحانی سکون کا باعث ہے۔ اب تک 1600 سے زائد ہندو جوڑوں کی شادیاں کرانے کا اعزاز حاصل کر چکا ہوں، اور ہر سال نئے برس کا آغاز 125 جوڑوں کی شادی کرانے سے کرتا ہوں۔”

رنگین قمقموں اور برقی روشنیوں سے مزین پنڈال میں سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے باراتی اور جوڑے پہنچے، جہاں شہنائیوں اور ڈھول کی تھاپ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ تقریب میں کاروباری، سماجی اور غیر ملکی شخصیات سمیت مختلف شعبہ جات کے معزز مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر نوبیاہتا جوڑوں میں جہیز کا سامان بھی تقسیم کیا گیا۔

تقریب میں نوبیاہتا جوڑوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان ہندو کونسل اور ٹرسٹ کا شکریہ ادا کیا۔

مہمانوں کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں مستحق ہندو جوڑوں کے لیے ایسی شاندار تقریب کا انعقاد ایک عظیم کارنامہ ہے۔ ہر سال ہندو کمیونٹی اس یادگار تقریب کا شدت سے انتظار کرتی ہے۔

تقریب کے دوران ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ اس دعا میں مہمانوں نے مذہبی تفریق سے بالاتر ہو کر شرکت کی، جو بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کی ایک بہترین مثال ہے۔

Comments are closed.