میرپور خاص، باغی ٹی وی (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ ) ملک کے دیگر علاقوں کی طرح میرپورخاص میں بھی بچوں کا عالمی دن منایا گیا .
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح میرپورخاص میں بھی بچوں کے تحفظ کے ادارے محکمہ سماجی بہبود میرپورخاص کی جانب سے اور انٹرنیشنل ریسکیو کمپنی سماجی تنظیم کے تعاون سے پیپلز اسکول میرپورخاص میں بچوں کا عالمی دن ہر بچے کے لئے بنیادی حقوق کے عنوان کے تحت منایا گیا .
بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اسکولوں کے بچوں کی جانب سے نعت ، ملی نغمے ، تقاریر ، ٹیبلوز اور عام معلومات کے سوال و جوابات کے مقابلے بھی منعقد ہوئے . اس موقع پر مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے اپنے خطاب میں کہا بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان کا تحفظ کرنا ہم سب کا فرض ہےکیونکہ ان کے تحفظ سے ہی ان کا روشن مستقبل وابستہ ہے .
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ دیگر شعبہ کی بہتری کے ساتھ ساتھ بچوں کے تحفظ اور ان کے حقوق پر بھی کام کر رہی ہے تاہم اس میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے .
انہوں نے کہا کہ محکمہ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ میرپورخاص اور آئی آر سی اور یونیسف کی باہمی اشتراک سے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر پیپلز اسکول میرپورخاص میں پروگرام منعقد کروا کر اچھی روایت قائم کی ہے جو کہ خوش آئند بات ہے .
بچوں کے عالمی دن کے موقع پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے بچوں اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں کے ساتھ کیک بھی کاٹا ، دریں اثناء بچوں کے عالمی دن کے موقع پر پیپلز اسکول سے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود ، ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر جنید مرزا ، آر ایس یو کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر اوم پرکاش ، پیپلز اسکول میرپورخاص کی پرنسپل میڈم امبرین ناز ، آئی آر سی کے مینیجر شیراز چانڈیو اور دیگر کی قیادت میں آگاہی ریلی بھی نکالی گئی .
اس موقع پر ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر میرپورخاص جنید مرزا ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن ڈاکٹر چمن منشا جیون، ڈائریکٹر اطلاعات میرپورخاص غلام رضا کھوسو ، آر ایس یو میرپورخاص کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر اوم پرکاش ، ایڈوکیٹ نصرت میانو، آئی آر سی کی ایڈوکیٹ رابعہ سموں ، میڈم ہما، بچوں کے تحفظ پر کام کرنے والے یونیسف پروجیکٹ کے روہان ، مس مسرت جبین ،محمد علی ، انوشے راٹھور اور طلبہ و طالبات اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی .