ایم کیو ایم پاکستان نےحکومت کے خلاف احتجاج کی کال دے دی

0
27

کراچی :ایم کیو ایم پاکستان نے مطالبات کے حق میں 9 جنوری کو احتجاج کا اعلان کردیا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کہتے ہیں کہ مقاصد پورے نہ ہوئے تو حکومت میں رہنا کسی کام کا نہیں، پیپلزپارٹی مردم شماری اور حلقہ بندیاں درست کرائے، جلد الیکشن چاہتے ہیں لیکن فراڈ انتخابات نہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان نے حلقہ بندیوں میں ترمیم سمیت بلدیاتی انتخابات پر دیگر مطالبات منظور نہ کرنے پر پیپلزپارٹی کیخلاف 9 جنوری کو احتجاج کا اعلان کردیا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی مردم شماری اور حلقہ بندیاں درست کرائے، جلد الیکشن چاہتے ہیں لیکن فراڈ انتخابات نہیں، حلقہ بندیوں سے پری پول رگنگ ہوچکی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ورکرز کنونش سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقاصد پورے نہ ہوں تو حکومت میں رہنا کسی کام کا نہیں، فیصلہ یہ ہے کہ عزت سے جینا ہے، حقوق کیلئے لڑ مرنا ہے، ایم کیو ایم کیساتھ اتنا ظلم ہوا ہے کہ کسی اور کیساتھ ہوتا تو ختم ہوجاتا، جو کچھ مہاجروں کے ساتھ ہوا لگتا ہے کوئی قومی اتفاقِ رائے ہے، اس قومی اتفاقِ رائے کی بھی شکست ہوئی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر کا کہنا ہے کہ ہمارے دروازے ان سب کیلئے کھلے ہیں جو ایم کیو ایم کو مہاجروں کیلئے کشتی نوح سمجھتے ہیں، ہم نے بار بار کہا ہے کہ آئیے جدوجہد میں ہمارے ساتھ شریک ہوں، مہاجروں کو تقسیم کرنے کیلئے ہمارے خلاف آپریشن ہوئے، دباؤ آئے، ہمارے کچھ ساتھی اپنی جان بچانے کیلئے ایم کیو ایم چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ہماری دعوت شمولیت پر ایم کیو ایم سے جانے والے واپس آئے ہیں، ایک وسیع تر اتحاد کیلئے دعوت دی جارہی ہے، تمام جماعتوں میں موجود مہاجروں کو پتہ ہونا چاہئے ایم کیو ایم ہی پلیٹ فارم ہے، جو اب یہاں نہیں کھڑا وہ مہاجروں کے مفاد کیلئے نہیں کھڑا۔

Leave a reply