اسلام آباد :جناب وزیراعظم صاحب ہمیں یقین ہےکہ آپ کرپٹ نہیں اس لیےپاکستان میں اپنا سرمایہ لگانا چاہتےہیں:وفد ظہبی گروپ،اطلاعات کے مطابق آج وزیراعظم سے ظہبی گروپ کے وفد نے ملاقات کی وفد میں ظہبی گروپ کے سی ای او تنویر حسین اعوان، ڈائریکٹر سلمان ناصر عبداللہ البدی اور پاکستان کے کنٹری ہیڈ محمد شہباز خان شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق مشیر وزیراعظم عبدالرزاق داود، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی اور چیئرمین بی او آئی عاطف بخاری بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ظہبی گروپ نے وزیراعظم پربھرپوراعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ آپ کرپٹ نہیں ہیں،ہمیں آپ پربھرپوراعتماد ہے کہ آپ مخلص ہوکرکام کرنا چاہتے ہیں ، اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے ویژن اور بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کے لئے سرمایہ کاری میں آسانیاں فراہم کرنے کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے وفد نے مستقبل میں سرمایہ کاری میں اضافے کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ظہبی گروپ کے وفد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک میں معاشی استحکام کے حوالے سے اقدامات لائق تحسین ہیں۔ موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت عالمی سرمایہ کار کمپنیوں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اعتماد بحال ہوا ہے۔
اس موقع پر وفد نے موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ ظہبی گروپ کے لاہور میں اعلی تعمیراتی منصوبے مبارک سینٹر، جو گزشتہ 15 سالوں سے التوا کا شکار تھا، کاآغاز کیا جا رہا ہے۔ وفد نے اس ضمن میں حکومت پاکستان کی جانب سے گروپ کو سرمایہ کاری کے حوالے سے آسانیوں کی فراہمی پر وزیراعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بے پناہ مواقع ہیں۔ وزیراعظم نے ایز آف ڈوئینگ بزنس کے حوالے سے حکومتی اقدامات اور بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں کو ون ونڈو کے تحت سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ظہبی گروپ کی جانب سے مستقبل میں مزید سرمایہ کاری کے حوالے سے گہری دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بے پناہ مواقع ہیں۔
٭٭٭