ملک میں کپاس کی فصل کی پیداوار،کاٹن پالیسی، وزیراعظم نے دیا بڑا حکم

0
24

ملک میں کپاس کی فصل کی پیداوار،کاٹن پالیسی، وزیراعظم نے دیا بڑا حکم

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں کپاس کی فصل کی پیداوار، کاٹن پالیسی اور کپاس کی فصل سے متعلق معاملات پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیرِ برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی مخدوم خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ، جہانگیر خان ترین، ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے کاٹن کے کاشت کار، ایکسپورٹرز، کاٹن کمیٹی ممبران شریک تھے،

اجلاس میں ملکی معیشت اور مجموعی پیداوار میں کپاس کی فصل کا شیئر، کاٹن کی پیداوار، کاٹن کی برآمدات و درآمدات کی صورتحال، ملک میں کپاس کی فصل میں پیداواری اضافے اور اس سے منسلک مختلف چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا.

وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی فصل ملکی معیشت اور ملکی مجموعی پیداوار میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ وزیرِ اعظم نے مختلف ملکوں میں کپاس کی پیداوار کی شرح اور ملک کی اوسط پیداوار میں واضح فرق پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں کپاس کی پیداوار میں اضافے اور اس فصل کے فروغ کے حوالے سے مختلف درپیش مسائل دور کرنے خصوصاً نئے بیجوں کی کاشت، ٹیکنالوجی کے فروغ، کاشت کے جدید طریقوں کو اپنانے اور کسانوں کی مالی معاونت جیسے اہم شعبوں کو نظر انداز کیا جاتا رہا۔ جس کا نتیجہ نہ صرف کسانوں کی بددلی اور پیداوار میں مسلسل کمی کی صورت میں برآمد ہوا بلکہ ٹیکسٹائل کی صنعت اور ملکی برآمدات متاثر ہوئیں۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ کاشت کاروں، ایپٹما و دیگر متعلقین کے اشتراک اور مشاورت سے کاٹن کے فروغ کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ کپاس کی فصل کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کو برؤے کار لانے کے حوالے سے چین کی معاونت حاصل کی جا رہی ہے ۔ کپاس کی فصل کے فروغ کے حوالے سے چین کے اشتراک سے ملتان میں سنٹر آف ایکسی لینس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے کپاس کی فصل کو پنک بال ورم سے بچانے کے لئے حکومت پرائم منسٹر ایمرجنسی پروگرام کے تحت پنک بال روپ ٹیکنالوجی درآمد کر رہی ہے۔یہ ٹیکنالوجی کسانوں کو نہایت سستی میسر آئے گی

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ چین کی معروف کمپنی سی ایم ای سی کی جانب سے بلوچستان میں کاٹن فارمنگ منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخواہ اورصوبہ سندھ میں بھی کاٹن کی فصل کے فروغ کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کاشتکاروں کے مطالبے پر سیڈ ایکٹ میں ترمیم، سنٹرل کاٹن کمیٹی کی از سر نو تشکیل عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ سنٹرل کاٹن کمیٹی اپنا کردار موثر طریقے سے ادا کر سکے اور شعبے میں جدید ریسرچ کو فروغ دیا جائے

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ سیڈ ایکٹ میں ترمیم اور کاٹن کمیٹی کی از سر نو تشکیل کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔ کاٹن کی سپورٹ پرائس مقرر کرنے کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے وزارتِ خزانہ، وزارتِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور کامرس ڈویژن کو ہدایت کی کہ سپورٹ پرائس مقرر کرنے کے حوالے سے تجویز کا جائزہ لیا جائے اور سفارشات پیش کی جائیں۔

Leave a reply