مجھے این اے249 میں پی ٹی آئی کی شکست نظر آ رہی ہے

0
23

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کے استعفے سے خالی ہونے والی نشست این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے۔ حلقہ میں ضمنی انتخاب سے متعلق بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ مجھے این اے 249 میں پی ٹی آئی کی شکست نظر آ رہی ہے کیوںکہ جس طرح کام کرنا چاہئیے تھا اُس طرح نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمنی انتخابات میں اصل مقابلہ چئیرمین پاک سر زمین پارٹی مصطفیٰ کمال اور مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کے مابین ہو گا۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی اُمیدوار کی پوزیشن حلقے میں بہت کمزور ہے۔ حکومتی اُمیدوار امجد آفریدی کوئی تجربہ کار اور معروف شخصیت نہیں ہیں انہیں حلقے اور علاقے کی عوام جانتی تک نہیں۔
پی ٹی آئی نے ٹکٹ دیتے وقت اس بات کا خیال نہیں رکھا اسی لیے امجد آفریدی کا جیتنا مشکل ہے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت نے اپنے روایتی انداز میں حکومتی جماعت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پی ٹی آئی نے اس حلقہ میں کچھ اچھا پرفارم نہیں کیا ، فیصل واوڈا کی بھی پرفارمنس حلقے میں بُری رہی۔ انہوں نے اپنی جماعت سے گلہ کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے مجھے بھی نہیں کہا کہ میں وہاں جا کر پی ٹی آئی کے حق میں مہم چلاؤں۔
یہ تو مجھے کسی کام کا ہی نہیں سمجھتے۔ مگر حقیت یہی ہے کے حلقے میں پی ٹی آئی کی جیت کے امکانات معدوم ہیں۔ واضح رہے کہ آج کراچی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ سندھ حکومت نے ضمنی انتخابات کے پیش نظر حلقہ این اے 249 میں آج عام تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے۔ این اے 249 کا ضمنی انتخاب اس وقت سب کی توجہ کا مرکز ہے، یہ پہلا الیکشن ہے جس میں تمام بڑی سیاسی جماعتیں جیت کے لیے پُرامید بھی ہیں۔
این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے 30 امیدوار میدان میں ہیں، ان میں سے 12 کا تعلق مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے ہے اور 18 امیدوار آزاد حیثیت میں بیلٹ پیپر پر موجود ہیں۔ 276 پولنگ اسٹیشنز میں مجموعی طور پر 2100 سے زائد افراد پر مشتمل انتخابی عملہ ہوگا، ان پولنگ اسٹیشنز میں مجموعی طور پر 796 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔اس کے علاوہ سکیورٹی پلان کے تحت اور پولیس اور رینجرز کے 3 ہزار سے زائد اہلکار حلقے میں ڈیوٹی انجام دیں گے، الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 39 ہزار 591 ہے جن میں مرد ووٹرز 2 لاکھ 1 ہزار 656 اور 1 لاکھ 37 ہزار 935 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

Leave a reply