مجھے کیوں نکالا؟ تحریر غلام زادہ نعمان صابری

0
26

مجھے کیوں نکالا؟ تحریر غلام زادہ نعمان صابری
"ایئر ایمبولینس میں بیٹھتے ہی طبیعت سنبھلنی شروع ہو گئی ہے، پلیٹلیٹس کی کمی کا کہیں دور دور تک تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، شوگرکا تو یوں محسوس ہو رہا ہے جیسے کبھی تھی ہی نہیں، معلوم نہیں آپ نے کیا جادو کیا ہے”، نواز شریف نے ایئر ایمبولینس میں بیٹھتے ہوئے شہباز شریف سے کہا۔
شہباز شریف نے کہا بھائی جان یہ جادو میں نے نہیں کیا بلکہ میں تو آپ کے پروں کے نیچے چھپ کر جا رہا ہوں ،یہ مہربانی سیف الرحمن کی ہے جو قطر میں آپ کے کاروبار کو سنبھالے ہوئے ہے اور جس نے آپ کو حیات جاودانی کے قطرے پلانے کے لئے قطری شہزادے کی ایئر ایمبولینس بھیجی ہے اور جو آپ کو لے کر پاکستان سے بہت دور جا رہی ہے، اب لگتا ہے ہمیں پاکستان کی آب و ہوا راس نہیں آ رہی، اب دیکھیں ناں آپ کی حالت کتنی پتلی تھی عوام میں یہ تاثر پایا جا رہا تھا کہ بڑے میاں صاحب اب گئے کہ اب گئے۔۔۔۔۔۔۔وہ تو” گئے”کو کسی اور خیال سے کہہ رہے تھے لیکن میری ذہانت کی مجھے داد دیجیے بھائی جان کیونکہ میں نے اس” گئے”کے اندر سے جو” گئے” نکالا ہے وہ یہی "گئے”ہے جس پر ہم دونوں بھائی بیٹھ کر زندہ سلامت جا رہے ہیں۔
اورہاں بھائی جان نکالا سے میری مراد وہ نہیں ہے جو آپ کہتے ہیں "مجھے کیوں نکالا”. اب کبھی بھول کر بھی یہ فقرہ منہ سے نہ نکالنا کیونکہ اس فقرے نے ہمیں فقیر کر دیا ہے۔دوسرا یہ کہ اگر آپ اس فقرے کو دہرائیں گے تو سارا الزام مجھ پر آئے گا کیونکہ اماں جی کے پر زور اصرار پر میں آپ کو پاکستان سے نکال کر لے جا رہا ہوں اور میں نے خود کی بھی آپ کے لیے قربانی دے دی ہے کیونکہ آپ کے بغیر میرا بھی دل پاکستان سے اٹھ گیا ہے۔
دونوں طرف سے بھرپور مسکراہٹ کا تبادلہ ہوا اور نواز شریف نے اظہار ہمدردی کے طور خود کو پر سکون محسوس کرتے ہوئے آصف علی زرداری کی حمایت میں لب کشائی فرمائی کہ اب اس بیچارے کا کیا بنے گا؟
شہباز شریف نے مسکراتے ہوئے بھائی جان سے فرمایا کہ بھائی جان فکر نہ کریں آپ جیسے نواز شریف کے سو دماغ مل کر آصف علی زرداری کا ایک دماغ بنتا ہے یہ اسی کا خاصہ ہے کہ اس نے اب تک بھٹو کو زندہ رکھا ہوا ہے وہ خود زرداری ہوکر بھی بھٹو ہے۔
بھائی جان بس کچھ ہی دنوں بعد وہ بھی کسی ایئر ایمبولینس میں ہمارے پیچھے پیچھے آنے والا ہے بس اب احتیاط کیجیے گا کسی اور میثاق جمہوریت کے بارے میں!
بالکل آپ ہی کی طرح آصف علی زرداری کی بیماریاں بھی نئی کونپلوں کی طرح پھوٹنی شروع ہو گئی ہیں اور آہستہ آہستہ پتے نکلیں گے اور تشخیص سامنے آتی جائے گی اور پھر ایک روز ائیر ایمبولینس پاکستان کے کسی ایئر پورٹ پر کھڑی ہو گی اور یوں آصف علی زرداری بھی علاج کے بہانے پاکستان کو خیر باد کہہ دیں گے۔
بھائی جان جب آپ کی آصف علی زرداری سے ملاقات ہو تو ایک شعر آپ کو سناتا ہوں یہ آپ ان کے سامنے ضرور پڑھ دینا ہوسکتا ہے آپ کی زبان سے یہ شعر سن کر ان کی طبیعت کچھ افاقہ محسوس کرے، اگر دو لفظوں سے کسی کا بھلا ہو جائے تو کیا مضائقہ ہے:

آ عندلیب مل کر کریں آہ و زاریاں
تو پکار ہائے گل میں چلاؤں ہائے دل

نواز شریف نے شہباز شریف سے کہا شعر تو تم نے بہت اچھا سنایا ہے، اگر یہ شعر تم خود آصف علی زرداری کو سنا دو تو ٹھیک نہیں ہے؟
بالکل ٹھیک ہے میں یہ شعر آصف علی زرداری کو سنا سکتا ہوں لیکن میں اس سے کچھ شرمندہ ہوں، شہباز شریف نے کہا۔
نواز شریف نے پوچھاکہ کیا شرمندگی ہے، شہباز شریف نے یاد دلایا کہ آپ تو جانتے ہی ہیں کہ میں نے انتخابات کے دوران آصف علی زرداری کا پیٹ پھاڑ کر لوٹی ہوئی قومی دولت نکالنی تھی مگر میں ایسا نہ کر سکا، الٹا عمران خان نے ہمارا پیٹ پھاڑ کر لوٹی ہوئی قومی دولت نکال لی سیانے ٹھیک ہی کہہ گئے ہیں کہ کسی کا برا نہیں سوچنا چاہیے اور نہ کسی کے لیے کنواں کھودنا چاہیے دیکھا آپ نے ہم نے آصف علی زرداری کے لیے برا سوچا اور اس کے راستے میں کنواں بھی کھودا اور ہم خود ہی اس کنویں میں گر گئے۔
مجھے لگتا ہے کہ ہم گھاٹے کا سودا کر آئے ہیں لگتا ہے آصف علی زرداری اس معاملے میں ہمیں مات دے جائے گا کیونکہ وہ بہت شاطر آدمی ضرور کوئی ایسی چال چلے گا جس سے سانپ بھی مر جاۓ گا اور لاٹھی بھی بچ جائے گی۔
بھائی جان آپ کو یاد ہوگا کہ آپ نے بھی اسے بارہ سال جیل میں رکھا تھا مگر وہ پھر بھی دم کی طرح سیدھا نہیں ہوا تھا آخر آپ کو ہی ہار ماننا پڑی تھی۔
نواز شریف نے کہا کہ لگتا ہے وہ سیدھا سرے محل جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا سرے محل جائے یا دبئی پیلس بس آپ نے اس شخص سے بچنا ہے کہیں پھر وہ آپ کو ورغلا کر کوئی نیا میثاق جمہوریت نہ کروا لے اب تو بچ گئے ہیں آئندہ بچنے کی امید نہیں ہے لہٰذا خود بھی سکون کی زندگی گزاریں اور مجھے بھی گزارنے دیں، آپ کی بیوی تو اللہ کو پیاری ہو گئی ہے میری تو چار زندہ ہیں۔
اب دیکھیں ناں ائیر ایمبولینس میں بیٹھتے ہی آپ کی طبیعت سنبھل گئی ہے اندازہ کریں جب ولایت کی ولایتی آب و ہوا آپ کے بدن کو چھوئے گی تو کیا عالم ہوگا۔
یہ بات سن کر نواز شریف کے دل ودماغ میں جو مناظر گھومے ان کے بارے میں وہ ہی بتا سکتے ہیں کوئی اور انہیں بیان کرنے سے قاصر ہے۔

Leave a reply