ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کراچی کی شرقی عدالت نے کارساز روڈ حادثے کی ملزمہ کی منشیات کے استعمال سے متعلق کیس میں درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی شرقی کی عدالت کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کارساز ٹریفک حادثے سے متعلق کیس پر سماعت کی جس کے دوران ملزمہ پر منشیات کے استعمال کے مقدمے میں درخواستِ ضمانت پر فریقین نے دلائل مکمل کر لیے۔سیشن عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔سیشن عدالت کے مطابق ملزمہ کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ 13 ستمبر کو سنایا جائے گا۔پولیس کے مطابق ملزمہ پر آئس کے استعمال کے الزام کے پیشِ نظر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔
واضح رہے کہ ملزمہ کے وکیل نے انسداد منشیات کیس میں ضمانت کی درخواست جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں دائر کی تھی جس پر سماعت کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے درخواست ضمانت مسترد کردی۔ بعد ازاں ملزمہ کے وکیل نے فیصلہ سیشن عدالت میں چیلنج کردیا اور درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے درخواست ضمانت میں اہم شواہد کو نظر انداز کیا۔