بی جے پی کا مسلمانوں پر ظلم: عالمی شہرت یافتہ بھارتی شاعر منور رانا کا نقل مکانی کرنے کا اعلان

عالمی شہرت یافتہ بھارتی شاعر منور رانا کا کہنا ہے کہ اگر بی جے پی کی جانب سے مسلمانوں پر ایسے ہی ظلم جاری رہا تو وہ نقل مکانی کرلیں گے۔

باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منور رانا نے ریاست سے نقل مکانی کا اعلان یہ کہتے ہوئے کیا کہ اگر مسلمان کسی نام نہاد رہنما کے ہاتھوں بے وقوف بنے اور اتر پردیش میں بی جے پی نے حکومت بنائی تو میں یہاں مزید نہیں رہوں گا اور اگر ادتیہ اتر پردیش کا دوبارہ وزیرِ اعلیٰ منتخب ہوا تو بھی ریاست سے نقل مکانی کرلوں گا۔

منور رانا نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ بی جے پی کی جیت سے میرا یقین پختہ ہو جائے گا کہ اتر پردیش مسلمانوں کے رہنے کے لائق نہیں ہے اور یہاں مسلمان نہیں رہ سکتے۔

منور رانا نے دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کیے جانے والے مسلمانوں کے حق میں کہا کہ جن لڑکوں کو دہشت گرد ظاہر کیا گیا ہے وہ ایسے غریب گھرانوں سے تعلق رکھتے ہیں جہاں باقاعدہ زندگی بھی نہیں گزر رہی ہے۔

انہوں نے بھارتی پولیس کا پول کھولتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے اُن کے گھروں سے برآمد ہونے والے پریشر ککر کو بم بنا کر پیش کیا۔

منور رانا نے کہا کہ یہ صورتحال دیکھنے کے بعد مجھے خدشہ ہے کہ میں پاکستان مشاعرے کے لیے جاتا ہوں اور گزشتہ دنوں پریشر ککر بھی خرید کر لایا ہوں تو کہیں اے ٹی ایس مجھے بھی دہشت گرد قرار دے کر گرفتار نہ کر لے۔

Comments are closed.