منحرف ارکان اور سخت معاشی فیصلے ناکامی کا سبب بنے،ن لیگ کے اجلاس میں رپورٹ

مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو ضمنی انتخابات میں شکست کی رپورٹ پیش کردی گئی، عوام نے منحرف ارکان کو قبول نہیں کیا، پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے جیسی وجوہات شکست کا باعث بنیں۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز، وفاقی وزرا رانا ثناء اللہ، خواجہ آصف، مریم اورنگزیب اور اعظم نذیر تارڑ، سردار ایاز صادق، ملک احمد خان، عطاء اللہ تارڑ، سردار اویس لغاری، رانا مشہود و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شکست اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی شکست کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی کی مرکزی قیادت کا اجلاس طلب کیا تھا۔ اجلاس میں ضمنی انتخابات میں شکست کی وجوہات اور آئندہ کی حکمت عملی اور حمزہ شہباز کی وزارت اعلیٰ بچانے کے لئے حکمت عملی پرمشاورت کی گئی.

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف حکومتی اتحادیوں سے بھی رابطے کریں گے اور آئندہ کی حکمت عملی کے لیے اتحادی جماعتوں کا اجلاس بھی طلب کیا جائے گا ،زرائع کے مطابق حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس کل لاہور میں طلب کیا جائے گا۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر حکومت کی اتحادی جماعتوں اور پی ڈی ایم کے قائدین کا اہم اجلاس کل دوپہر کو ہو گا ،وزیراعظم نے حکومت کی اتحادی جماعتوں اور پی ڈی ایم کے قائدین کو لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر دعوت دی ہے . 96 ایچ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ اجلاس میں حکومت کی اتحادی جماعتوں اور پی ڈی ایم کے قائدین مجموعی ملکی صورتحال کا جائزہ لیں گے ،حکومت کی اتحادی جماعتوں اور پی ڈی ایم کے قائدین کے اجلاس میں اہم امور پر مشاورت ہوگی

ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شکست پروفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے اپنی تفصیلی تجزیاتی رپورٹ پیش کی۔ پارٹی رپورٹ میں ہر حلقے کے حوالے سے الگ الگ تجزیہ پیش کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق حلقوں میں لیگی کارکنوں نے مخالف پارٹی سے منحرف ہو کر آنے والوں کو دل سے قبول نہیں کیا، پارٹی عہدیداروں، پرانے ٹکٹ ہولڈرز اور سابقہ بلدیاتی نمائندوں نے انتخابی مہم میں جان نہیں لڑائی، سخت معاشی فیصلوں کے نام پر پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے بلوں میں اضافے نے مہنگائی کی شرح میں اضافہ کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ مہنگائی کی انتہائی شرح نے جلتی پر تیل کا کام کیا اور ہار میں بنیادی کردار ادا کیا، ضمنی انتخابات سے صرف دو روز قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس معمولی کمی کو رد کر کے مخالفت میں ووٹ دئیے۔

Comments are closed.