منشیات کے خلاف جنگ ایک کثیر الجہتی چیلنج ہے،وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ
وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ کا 26 جون 2021 انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام
منشیات کے خلاف جنگ ایک کثیر الجہتی چیلنج ہے جس کے لئے وزارت منشیات کنٹرول اور اینٹی نارکوٹکس فورس مشترکہ کوششوں سے مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اپنے موجودہ وسائل کا بہترین ممکنہ استعمال کرکے ، ہم نے اپنے معاشرے میں منشیات کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کی ہے۔ اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ یہ ایک کثیرالجہتی چیلنج ہے اور یک طرفہ کوشش اس لعنت کو مکمل طور پر ختم نہیں کرسکتی ، ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئےہر فرد کو منشیات کے خلاف اس جنگ میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور یہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعہ ہم منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کا مقصد حاصل کر سکتے ہیں۔ ہمیں سمجھنا چاہئے کہ یہ کسی فرد کی جنگ نہیں بلکہ ایک قومی جنگ ہے۔ منشیات نہ صرف ان افراد کو متاثر کرتی ہیں جو ان کا شکار ہوجاتے ہیں بلکہ ایک ہی وقت میں ان کے آس پاس کا پورا نظام بھی متاثر ہوتا ہے.
اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے بین الاقوامی رابطہ کے ساتھ طلب اور رسد کو کم کرنے کی ہماری پالیسی کے مطابق ، وزارت منشیات کنٹرول اور انسداد منشیات فورس طے شدہ اہداف کو عملی جامہ پہنانے کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ قانون سازی سے لے کر متاثرہ افراد کی بحالی تک اے این ایف کی جانب سے کیے گئے تمام اقدامات قابل تحسین ہیں۔ مجھے یہ کہتے ہوئے بے حد فخر محسوس ہو رہا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی انتھک کوششوں کی وجہ سے ، پاکستان کو اقوام عالم میں پوست سے پاک درجہ مل گیا ہے۔میرا بنیادی مقصد ملک سے اس لعنت کی ڈیمانڈ کو ختم کرنا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ تمام متعلقہ حلقوں اور پاکستان کے ہر شہری کو اس وقت تک منشیات کے خاتمے کے عمل میں اپنا کردار ادا کرناہو گا جب تک ہم اپنے مقررہ ہدف کو حاصل نہیں کرلیتے ۔ ہم پر عزم ہیں کہ ہر طرح سے اپنے ملک ، اپنے لوگوں اور نوجوانوں کو اس خطرے سے بچائیں گے۔