پرچی چیئرمین خوب رٹہ لگاؤ، پرچی بھی بناؤ:مراد سعید نے بلاول کے مناظرے کا چیلنج قبول کرلیا

0
34

اسلام آباد:پرچی چیئرمین خوب رٹہ لگاؤ، پرچی بھی بناؤ، میں مناظرے کیلئے تیار ہوں۔مراد سعید نے بلاول کے مناظرے کا چیلنج قبول کرلیا،اطلاعات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے بیان پر وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کا بیان سامنے آیا ہے۔

مراد سعید نے کہا ہے کہ پرچی چیئرمین خوب رٹہ لگاؤ، پرچی بھی بناؤ، میں مناظرے کیلئے تیار ہوں۔مراد سعید کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلاول پارلیمنٹ، میڈیا یا عوامی فورم جس کا چاہیں انتخاب کریں وہ مناظرے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فرزند زرداری ایوان میں بحث کی بجائے نو دو گیارہ ہو جاتے ہیں، مناظرہ قبول وہ کرے گا جس نے عزیر بلوچ اور گینگ وار والے نہ پالے ہوں، سامنا کرنے کی جرأت وہ کرے گا جس کا صوبہ گورننس میں بہتر ہو۔

مراد سعید نے کہا کہ فرزند زرداری کا ایک ایک لفظ ان کا تعاقب کرے گا، بھاگنے نہیں دیں گے، قوم کی چوری کی گئی ایک ایک پائی لوٹانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ابھی تک میرے کسی بھی چیلنج کو قبول نہیں کیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پی ٹی آئی کی ناکامیوں پر ایک پریس کانفرنس کی تھی جس میں مسئلہ کشمیر، معیشت اور کورونا وائرس کے حوالے سے حکومت کی نااہلیوں اور پی ٹی آئی کی کرپشن کے معاملے کو اجاگر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے عمران خان کو پہلا چیلنج یہ کیا تھا کہ وہ قومی اسمبلی یا ٹی وی پر مناظرہ کر لیں، دوسرا چیلنج یہ کیا تھا کہ وہ این آئی سی وی ڈی طرز کا ایک اسپتال پورے پاکستان میں دکھا دیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ تیسرا چیلنج یہ کیا کہ وہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں فی کس ٹیسٹنگ کا موازنہ سندھ سے کروا دیں لیکن عمران خان نے ابھی تک میرے کسی بھی چیلنج کو قبول نہیں کیا۔

Leave a reply