؛کسی دوست نے کچھ روز کیا خوب کہا تھا کہ مریدکے کے پانی میں ایسی عجیب تاثیر ہے کہ کوئی ولی طبیعت کا بندا بھی یہاں کا ایڈمنسٹریٹر یا انتظامی سربراہ بن کر آجائے، کچھ ماہ بعد فرعون بن جائے گا۔ اب تک مریدکے میں جتنے بھی ایڈمنسٹریٹرز آئے سب نے آتے ہی انتہائی چابکدستی سے اپنے ماتحتوں کو کام پر لگایا مگر دھیرے دھیرے یا تو وہ مقامی سیاسی قیادت کے اشاروں پر چل کر "کمپرومائز” کرگئے یا پھر یہ سوچتے ہوئے کہ سنہری موقع ہے اکاؤنٹ بھرنے کا، تاجروں سے یاریاں نبھانے لگے۔
اسسٹنٹ کمشنر اظہارالحق ایک نوجوان ایڈمنسٹریٹر ہیں اور ان کو آئے گرچہ زیادہ عرصہ نہیں ہوا لیکن ان کی کارکردگی اب تک کے تقریباً تمام ایڈمنسٹریٹرز کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔ ان سے قبل سرمد تیمور اور طارق بھٹی صاحب آئے اور انہوں نے بازاروں میں تمام ناجائز تجاوزات کو نا صرف گرایا بلکہ شہریوں نے یہاں تک کہنا شروع کردیا تھا کہ اب نظر آیا نیا پاکستان۔
قیام پاکستان کے وقت ہجرت کرکے آنے والے بیشتر بزرگ تاجروں نے بھی گرچہ تھڑوں اور شٹروں کے گرانے کے عمل کو پسند نہیں کیا تھا لیکن ایک بات جسے وہ بار بار دہراتے رہے وہ یہ تھی کہ مرنے سے پہلے 70 سال بعد وہی والا بازار دیکھنے کو مل گیا جسے بچپن میں دیکھا کرتے تھے۔ ساٹھ فٹ چوڑا بازار جہاں سے آپ دو ٹرک آرام سے گذار سکتے ہیں آج ایک بار پھر اس قابل نہیں رہا کہ وہاں سے محض ایک بائیک پر کسی کو بٹھا کر گذرا جاسکے۔
اسسٹنٹ کمشنر اظہارالحق کو ذاتی طور پر کئی بار ریکوئسٹ کی ہے کہ اس سلسے میں کوئی ایکشن لیں تو وہ رپلائی کے طور پر Noted لکھ کر یا تو مجھے تسلی و تشفی پر رکھے ہوئے ہیں یا پھر بہت سارے دوسروں کی طرح مجھے بھی "ٹرخالوجی” کا پہلا چیپٹر یاد کروا رہے ہیں۔
ایم این اے اور ایم پی اے صاحبان سے اس لئے نہیں کہا کہ میں خود ذاتی طور پر اداروں کے کاموں میں سیاسی مداخلت کیخلاف ہوں اور مجھے سو فیصد یہ بھی یقین ہے کہ ہمارے ایم پی اے اور ایم این اے صاحبان بھی اسی فلسفے پر یقین رکھتے ہوئے عمران خان کی سوچ کو پروان چڑھا رہے ہوں گے۔
آج سوشل میڈیا کہ ذریعے اپنے اسسٹنٹ کمشنر اظہارالحق صاحب سے التماس کروں گا کہ خدارا اس سے پہلے کہ آپ بھی روایتی سیاسی دباؤ کا شکار ہوں، ایک بار پھر ایگزیکویٹر منگوائیں، بندے لگائیں، تھڑے اور شٹرز گرائیں اور جو مزاحمت کرے اُسے کار سرکار میں مداخلت پر حوالات بھجوائیں۔
اظہارالحق صاحب! آپ کے متعلق ایک بات کا تو مجھے یقین ہے کہ فی الحال آپ کسی کمپرومائز کا شکار نہیں ہوئے ہوں گے۔اور اگر ہو بھی گئے ہیں تو پھر آئیں ایک بار آپ بھی مریدکے کے دردمند شہریوں کے ساتھ مل کر دعا کرلیں:
اِنّا لِلّٰہِ وَاِنّا اِلَیہِ رَاجِعُون
@NaveedBhattiMM