سانحہ مری:جاں بحق ہونےوالوں کی نمازجنازہ اداکردی گئی

0
27

مری:سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے 9 سیاحوں کی آبائی علاقوں میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔مردان کے رہائشی نوجوان کی نمازجنازہ لوند خوڑ میں ادا کی گئی، سہیل دو بچوں کا باپ تھا۔ نماز جنازہ میں عمائدین علاقہ نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔ لاہور کے معروف اشرف اورظفراقبال کی نمازجنازہ کوٹ لکھپت کے اکبر شہید قبرستان میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

راولپنڈی کے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی نماز جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے،سانحہ مری میں جان بحق ہونے والوں کو سپرد خدا کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق کری روڈ کے رہائشی شہزاد اسماعیل، اہلیہ و چار بچوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

جاں بحق ہونے والوں میں گھر کا سربراہ 46 سالہ شہزاد اسماعیل ، 35 سالہ صائمہ شہزاد، 10 سالہ سمیع الله شہزاد، 8 سالہ حبیب الله شہزاد، 7 سالہ عائشہ شہزاد اور 5 سالہ اقرا شہزاد شامل ہیں۔

نماز جنازہ میں سیاسی سماجی شخصیات، عزیز اقارب و اہلیان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

واضح رہے کہ مری میں گزشتہ روز برف کا طوفان آیا تھا، جس میں ہزاروں گاڑیاں پھنس گئی تھیں، برفباری کے باعث مختلف گاڑیوں میں 22 افراد دم گھٹ کر جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ پاک فوج کے دستے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

 

 

مری اور گلیات میں گزشتہ چند روز سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز عوام کی بڑی تعداد برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لئے پہنچی تھی۔

شدید برفباری میں ٹریفک جام ہونے کے بعد بڑی تعداد اپنی گاڑیوں میں ہی محصور ہوکر رہ گئی تھی۔ ان ہی میں وہ بدقسمت افراد بھی شامل تھے جو اپنی گاڑیوں میں دم گھٹنے سے زندگی کی بازی ہار گئے۔

مری میں اس وقت ایمرجنسی رضاکاروں اور امدادی کارکنوں کے علاوہ کسی کے بھی داخلے پر پابندی ہے۔ پاک فوج کے دستے انتظامیہ کے ساتھ کر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

یاد رہے کہ سانحہ مری میں جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہوگئی ہے جب کہ امدادی کاموں میں بھی تیزی آگئی ہے۔ذرائع کے مطابق مری میں 5 روز سے بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری تھا جو کہ اب مکمل طور پر تھم چکا ہے۔مری اور گلیات کو ملانے والی تمام سڑکیں کلیئر کردی گئی ہیں

Leave a reply