مظفرگڑھ(باغی ٹی وی رپورٹ) سنگدل باپ کا معصوم بیٹے کو پھانسی دینے کا خوفناک اقدام، پولیس نے بچالیا
مظفرگڑھ میں ایک ظالم باپ نے اپنے چار سالہ معصوم بیٹے واسع کو پھانسی پر چڑھانے کی کوشش کی، تاہم بچے کی دلخراش چیخ و پکار سن کر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور معصوم بچے کی جان بچا لی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مظفرگڑھ کے علاقے شاہ جمال میں سنگدل باپ نے 4 سالہ بچے کے گلے میں رسی ڈال کر درخت پر پھانسی دینے کی کوشش کی۔
ایس ایچ او نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے کو ریسکیو کیا۔ رسی کے نشان سے بچے کی گردن نیلگوں ہو گئی تھی، لیکن خوش قسمتی سے وہ زندہ بچ گیا۔
پولیس نے سنگدل باپ کو گرفتار کرکے اس کے خلاف اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کر لیا جبکہ پھانسی دینے کے لیے استعمال ہونے والی رسی بھی برآمد کر لی گئی۔
واقعے پر شہریوں کی بڑی تعداد نے تھانے پہنچ کر پولیس کو بروقت کارروائی اور بچے کی جان بچانے پر خراج تحسین پیش کیا،ڈی پی او ڈاکٹر رضوان احمد خان نے پولیس کی فوری کارروائی اور ملزم کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کو شاباش دی۔
معصوم واسع خوف اور صدمے کے باعث ایس ایچ او کے گلے سے لپٹا رہا، جس نے بچے کو دلاسہ دیا اور مکمل تحفظ کا یقین دلایا۔