میرا امریکی صدرمنتخب ہونا خدا کی جانب سےتقررہوگا، کانیےویسٹ

0
22

واشنگٹن:میرا امریکی صدر منتخب ہونا خدا کی جانب سے تقرر ہوگا،حال ہی میں امریکی صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کرنے والے امریکی ریپر، گلوکار، انٹرپرینیور، پروڈیوسر اور دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 100 شخصیات میں شامل 43 سالہ کانیے ویسٹ نے کہا ہے کہ اگر وہ صدر منتخب ہوجاتے ہیں تو ان کی جیت کو خدا کی جانب سے تقرر کے طور پر تصور کیا جائے۔

کانیے ویسٹ نے رواں ماہ 5 جولائی کو ایک ٹوئٹ کے ذریعے رواں سال نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا تھا۔

اگرچہ ماضی میں بھی کانیے ویسٹ خود بھی متعدد بار یہ عندیہ دے چکے تھے کہ وہ 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات میں ممکنہ طور پر میدان میں اتریں گے۔

تاہم انہوں نے رواں سال نومبر میں ہونے والے انتخابات سے محض 4 ماہ قبل انتخابی دنگل میں اترنے کا اعلان کرکے کئی لوگوں کو حیران کردیا تھا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ہمیں خدا پر یقین کرتے ہوئے اور اپنے وژن پر فوکس کرتے ہوئے بہتر امریکا کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کانیے ویسٹ نے حال ہی میں معروف میگزین فوربز کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ اب وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایتی نہیں رہے۔

ساتھ ہی انہوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جوبائیڈن کے سیاہ فام ووٹرز کو متحد کرنے کے دعوؤں پر بھی شکوک کا اظہار کیا۔

کانیے ویسٹ نے انٹرویو میں کہا کہ انہیں خدا کی جانب سے اشارہ ملا کہ وہ صدارتی انتخابات لڑیں اور اگر وہ 2020 کے صدارتی انتخابات جیت جاتے ہیں تو ان کی جیت کو خدا کی جانب سے ان کا تقرر سمجھا جائے۔

Leave a reply