ننکانہ صاحب: دانش سکول میں سالانہ آرٹ اینڈ سائنس میلے کا شاندار انعقاد

ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)سینٹر آف ایکسیلنس (دانش سکول) ننکانہ صاحب میں سالانہ آرٹ اینڈ سائنس میلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت کی۔

سکول انتظامیہ نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ بچوں نے ڈپٹی کمشنر کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے بچوں کے تیار کردہ سائنسی ماڈلز کا معائنہ کیا اور ان کی محنت کو سراہتے ہوئے خاص طور پر ورکنگ ماڈلز کی تعریف کی۔

لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد محی الدین اطہر نے سائنس میلے کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو تفصیلات فراہم کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول کے مختلف شعبہ جات اور کلاس رومز کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکول حکومت کا ایک جدید تعلیمی منصوبہ ہے جو معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دانش سکول ننکانہ صاحب ایک سٹیٹ آف دی آرٹ تعلیمی ادارہ ہے جہاں ہر طبقے کے بچے یکساں مواقع کے تحت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ یہ بچے مستقبل میں معاشرے کے مفید شہری بنیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ دانش سکول کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔

میلے کے دوران بچوں کی محنت اور سائنسی مہارت کی جھلک نے شرکاء کو متاثر کیا، اور اساتذہ نے بچوں کی کارکردگی کو مزید نکھارنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Comments are closed.