این اے 157:علی موسیٰ گیلانی کامیاب:یوسف رضا گیلانی نےتمام حلیف جماعتوں کا شکریہ بھی ادا کردیا

0
50

لاہور:پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی )نے این اے 157 کے ضمنی الیکشن میں میدان مار لیا۔غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار علی موسیٰ گیلانی نے 79743 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار مہر بانو قریشی نے 59993 ووٹ لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی۔اس طرح پاکستان پیپلز پارٹی نے یہ سیٹ 20 ہزار کی ووٹوں کی برتری سے جیتی۔

یاد رہے کہ علی موسیٰ گیلانی نے اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق وفاقی حکومت میں بھی 2012ء کے دوران ضمنی الیکشن میں فتح حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ 2018ء کے الیکشن میں مذکورہ سیٹ پاکستان تحریک انصاف نے جیتی تھی، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی کو شکست دی تھی۔

بعد ازاں پنجاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے زین قریشی نے مذکورہ سیٹ چھوڑ کر صوبائی سیٹ پر الیکشن لڑا تھا جس پر انہوں نے ن لیگ کے امیدوار کو زیر کیا تھا۔

دوسری طرف سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے تمام حلیف جماعتوں‌کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس جیت کو گرینڈ الائنس کی فتح قرار دیا ، ان کا کہنا ہےکہ جنوبی پنجاب کے عوام نے عمران خان کے بیانیےکو مسترد کردیا ہے۔

ملتان میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پارٹی کا شکر گزار ہوں کہ موسٰی گیلانی کو ٹکٹ دیا، مسلم لیگ ن کا مشکور ہوں جنہوں نے ہماری حمایت کی، مولانا فضل الرحمان، نواز شریف اور مریم نواز کا بھی شکر گزار ہوں۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا بیانیہ ملک کو عدم استحکام پیدا کرنا تھا، الیکشن لڑنے کا کیا فائدہ؟ اگرجیت کر استعفیٰ ہی دینا ہے، یہ مقابلہ گیلانی اورقریشی کے درمیان نہیں تھا، ہمارا مقابلہ عمران خان کے بیانیے سے ہے، جنوبی پنجاب کے عوام نے عمران خان کے بیانیےکو مسترد کردیا ہے، ہمیں پارٹیوں کا فائدہ نہیں سوچنا، ملک کا فائدہ سوچنا ہے۔

Leave a reply