این اے 249 کا ضمنی انتخاب : فردوس شمیم نقوی اور بلال غفار کو فوری طور پر حلقے سے نکلنے کا حکم

0
25

ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فردوس شمیم نقوی حلقہ میں داخل ہو گئے جس پر انہیں فوری طور پر حلقے سے نکلنے کا حکم دے دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی الیکشن کے دوران تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی اور بلال غفار حلقہ میں داخل ہوئے جس کے بعد انہیں فوری طور پر حلقے سے نکلنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ندیم حیدر کی جانب سے پولیس کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پولنگ کے دوران رکن اسمبلی نہیں آسکتے، فردوس نقوی اور بلال غفار کو فوری طور پر حلقے سے نکلنے کا کہا جائے۔
ڈی آر او ندیم حیدر نے بتایا کہ رکن قومی اسمبلی فردوس شمیم نقوی کو فون پر فوری حلقے سے نکلنے کا حکم دیا ہے، پولنگ کے دوران منتخب پارلیمنٹرینز کا حلقے میں آنا غیرقانونی ہے۔

دوسری جانب حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار امجد اقبال آفریدی کا کہنا ہے کہ میڈیا نمائندگان کو ضمنی انتخاب کی کوریج سے روک کر پولیس دھاندلی کروانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو ضمنی انتخاب کی کوریج سے روکنا قابلِ مذمت عمل ہے۔ پولیس اپنے فرائض انجام دینے کے بجائے الیکشن کمیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کے استعفے سے خالی ہونے والی نشست این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے۔ سندھ حکومت نے ضمنی انتخابات کے پیش نظر حلقہ این اے 249 میں آج عام تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے۔ این اے 249 کا ضمنی انتخاب اس وقت سب کی توجہ کا مرکز ہے، یہ پہلا الیکشن ہے جس میں تمام بڑی سیاسی جماعتیں جیت کے لیے پُرامید بھی ہیں۔

Leave a reply