این اے 249 ضمنی انتخاب پی ٹی آئی کے اُمیدوار نے دوبارہ گنتی کی درخواست کر دی

0
22

این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا جس پر باقی سیاسی جماعتوں نے تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے نتائج ماننے سے یکسر انکار کر دیا ہے۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار نے دو پولنگ اسٹیشن میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست بھی دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار امجد آفریدی نے دو پولنگ اسٹیشنز میں الیکشن کمیشن سے دوبارہ گنتی کی درخواست کی اور کہا پولنگ اسٹیشن 260، اور 261 میں دوبارہ گنتی کروائی جائے۔
پی ٹی آئی امیدوار نے الیکشن کمیشن کو دی گئی پہلی درخواست میں کہا کہ گنتی میں شفافیت کو نظر انداز کیا گیا، دوسری درخواست میں انہوں نے الیکشن کمیشن کو 21 پولنگ اسٹیشنز میں فارم 45 کے حصول میں مشکلات سے آگاہ کیا، جب کہ تیسری درخواست میں بعض پولنگ اسٹیشنز میں ری پولنگ کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز کراچی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی۔

این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے 30 امیدوار میدان میں تھے، ان میں سے 12 کا تعلق مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے اور 18 امیدوار آزاد حیثیت میں بیلٹ پیپر پر موجود تھے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل 16 ہزار 156 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔مسلم لیگ ن کے اُمیدوار مفتاح اسماعیل 15 ہزار 473 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ نذیر احمد 11 ہزار 125 ووٹ لے کر تیسرے ، پاک سر زمین پارٹی کے مصطفیٰ کمال 9 ہزار 227 ووٹ لے کر چوتھے، پاکستان تحریک انصاف کےامیدوار 8 ہزار 922 ووٹ لے کرپانچویں جبکہ ایم کیو ایم کے امیدوار 7511 ووٹ لے کر چھٹے نمبر پر رہے۔ لیکن مسلم لیگ ن سمیت پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اور پی ایس پی نے بھی این اے 249 کے نتائج مسترد کردیے ہیں۔

Leave a reply