2 سال میں 600 سے زائد ریفرنس دائر،ماضی بھول جانے کے لیے نہیں ، چیئرمین نیب
سکھر: نیب نے 2 سال میں 600 سے زائد ریفرنس دائرکیے، احتساب عدالتوں میں 900 ارب کے1235 ریفرنس دائر ہیں ، نیب کی کارکردگی کے حوالے سے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے 2 سال میں آزاد ادارہ ہونے کا ثبوت دیا، ہماری کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ رہی۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی بھول جانے کے لیے نہیں سبق سیکھنے کے لیے ہوتا ہے، ماضی کو کارکردگی بہتر کرنے کے لیے یاد رکھنا ضروری ہے۔جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کرپشن کیسز کے جلد فیصلوں کے لیے کوشاں ہے، نیب کا احتساب تو گرفتاری سے ہی شروع ہو جاتا ہے، کہا جاتا ہے کہ نیب مقدمات میں تاخیر کرتی ہے۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) نے کہا کہ نیب نے 2 سال میں 600 سے زائد ریفرنس دائرکیے، احتساب عدالتوں میں 900 ارب کے1235 ریفرنس دائر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب جن مقدمات کو ڈیل کرتی ہے وہ وائٹ کالر کرائم ہے، وائٹ کالر کرائم 100 فیصد دستاویزات پرمنحصر کرتا ہے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ ریفرنس فائل ہونے کے بعد نیب کا کوئی کردار نہیں رہتا، گرفتاری کے 24 گھنٹے بعد ہی عدالت میں پیش کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے چند جاندار کیسز اصل دستاویز نہ ہونے کی وجہ سے متاثر ہوئے۔انہوں نے کہا کہ بددیانتی اور نا اہلی برداشت نہیں کی جائے گی، جب تک مجھے رہنے دیا گیا، بددیانتی پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔