نیب ٹیم پر تشدد اور حملے کا معاملہ 250 افراد کے خلاف مقدمہ درج

0
25
نیب ٹیم پر تشدد اور حملے کا معاملہ 250 افراد کے خلاف مقدمہ درج #Baaghi

جیکب آباد میں250 افراد کے خلاف نیب ٹیم سکھر پر تشدد اور حملے کا مقدمہ تھانہ سول لائن میں درج کرلیا گیا۔

باغی ٹی وی :نیب کی جانب سے دائر کئے گئے مقدمے میں پیپلز پارٹی کے کارکن خادم بھٹو اور وسیم جکھرانی کو نامزد کیا گیا ہے، جس میں پتھراؤ، تشدد، توڑ پھوڑ، کار سرکار میں مداخلت اور دھمکیاں دینے کی دفعات شامل ہیں۔

جیکب آباد پولیس نے نیب کی درخواست میں شامل صوبائی مشیر اعجاز جکھرانی اور ان کے بیٹے کا نام نکال کر تین قریبی ساتھیوں سمیت 250 نامعلوم افراد کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا،تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہ آئی نیب نے اعجاز جکھرانی کے بیٹے سمیت 2 ہزار نامعلوم افراد کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست کی تھی۔

اردو پوائنٹ کی خبر کے مطابق جیکب آباد میں 28 جون کو نیب سکھر کی ٹیم نے صوبائی مشیر جیل خانہ جات اعجاز جکھرانی کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پرچھاپہ مارا تھا تو چھاپے کی اطلاع پرجکھرانی برادری اور پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکنان وہاں پہنچ گئے اور نیب ٹیم کو یرغمال بنا کر مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا-

نیب کی ٹیم پر چھاپے کے دوران ہونے والے حملے اور تشدد کا نیب چیئرمین نے نوٹس لیا اور پولیس کو ملوث افراد کے خلاف کاروائی کرنے کے احکامات جاری کئے، اس سلسلے میں نیب سکھر کے انسپکٹر عبدالرزاق سروہی نے جیکب آباد پولیس کو تین صفحات پر مشتمل ایک درخواست دی-

جس میں انہوں نے لکھا کہ نیب کی ٹیم صوبائی مشیر اعجاز جکھرانی کی گرفتاری کے لیے وارنٹ کے ساتھ ان کے جیکب آباد والے گھر پہنچی تو وہاں موجود اعجاز جکھرانی کے بیٹے رافع جکھرانی، ظفر برڑو، خادم بھٹو نے 1500 کے قریب افراد کے ہمراہ اعجاز جکھرانی کے کہنے پر ہم پر حملہ کرکے تشدد کا نشانہ بنایا اور گاڑیوں کے شیشے توڑے-

نیب سکھر کے حکام کی ایسی درخواست کے بعد گذشتہ روز جیکب آباد کے سول لائن تھانہ کی پولیس نے ایس ایس پی شمائل ریاض ملک کے احکامات پر اے ایس آئی اعجاز احمد کی مدعیت پر صوبائی مشیر کے پی اے ظفر برڑو، خادم بھٹو اور وسیم جکھرانی سمیت 250 نامعلوم افراد کے خلاف اقدام قتل، قتل کی دھمکیوں، ڈیوٹی میں مداخلت، ہنگامہ آرائی اور مارپیٹ کا مقدمہ درج کرلیا ہے-

جیکب آباد پولیس نے ایف آئی آر میں لکھا ہے کہ نیب نے درخواست دی لیکن مقدمہ درج کرانے کے لیے کوئی فریادی نہیں آیا اس لیے ایس ایس پی کے احکامات پر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جیکب آباد پولیس کی جانب سے نیب کی درخواست میں شامل صوبائی مشیر جیل خانہ جات اعجاز جکھرانی اور ان کے بیٹے رافع جکھرانی کا نام کیس میں شامل نہیں کیاگیا۔

Leave a reply