ڈاکٹر نادیہ عزیز کے بعد اعجاز الحق نے پی ٹی آئی سے کنارہ کشی اختیار کرلی
ڈاکٹر نادیہ عزیزکے بعد اعجاز الحق نے پی ٹی آئی سے کنارہ کشی اختیار کرلی
سابق صدر جنرل ضیاء کے صاحبزادے اعجاز الحق نے بھی پی ٹی آئی سے دوری اختیار کرلی ۔ اور کہا ہے کہ عمران خان سے اتحاد کیا تھا مسلم لیگ ضیا کو تحریک انصاف میں کبھی ضم نہیں کیا ۔ اعجازالحق نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا ۔
اعجازالحق نے وضاحت کی ہے کہ عمران خان کے ساتھ ملاقات میں انتخابی اتحاد کیا تھا ، میڈیا نے ضم کے حوالے سے غلط رپورٹ کیا ،مسلم لیگ ضیا کو تحریک انصاف میں کبھی ضم نہیں کیا، الیکشن کمیشن ریکارڈ درست کر لے ۔سربراہ مسلم لیگ ضیا نے مزید کہا نو مئی کےواقعات کی شدید مذمت کر چکا ہوں ، میرے والد نے وردی میں جان دی تھی ، پاک فوج کیخلاف جو بھی آوازاٹھائے گا اس کے سامنےدیوار بنیں گے۔
ادھر سرگودھا سے سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز نے بھی پی ٹی آئی سمیت سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق رکن پنجاب اسمبلی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں، حالات اور واقعات ملکی سیاست اور سالمیت کیلئے اچھے نہیں، ہمیشہ تشدد سے پاک سیاست کی، اس طرح کی سیاست مزید جاری نہیں رکھ سکتی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمیں جان سےزیادہ پیاری ہے، پاک فوج کی عزت پرکوئی حرف قبول نہیں، پاکستان کی سالمیت اور استحکام فوج کی وجہ سے ہے، ہمارے شہداء کی بہت قربانیاں ہیں اور انہی کی وجہ سےملک قائم ہے، اپنی پاک افواج کےساتھ کھڑی ہوں، 9 مئی کو سرگودھا میں جوواقعات ہوئےمیں اس کاحصہ نہیں تھی، آئندہ بھی مجھےکسی اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث نہیں پائیں گے۔
جبکہ اس کے علاوہ اوورسیز رہنماء بھی پی ٹی آئی چھوڑنے لگے ہیں، وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی طارق محمود الحسن نے پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی کا باقاعدہ اعلان کردیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے 9 مئی کے پرتشدد احتجاج کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے اوورسیز رہنماء بھی عمران خان کا ساتھ چھوڑ کر جانے لگے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی طارق محمود الحسن نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔ سید طارق محمود الحسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ پریس کانفرنس میں اہم حقائق سے پردہ اٹھائیں گے۔