نفلی عمرہ کرنے والے اپنی امداد سیلاب زدگان کو عطیہ کر دیں، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

0
20

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان علماء کونسل اور دارالافتاء پاکستان نےصاحب نصاب لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی زکوٰۃ قبل از وقت ادا کر دیں اور نفلی عمرہ کرنے والے اپنی امداد سیلاب زدگان کو عطیہ کر دیں تو اللہ کریم ان کو دو اجر عطا فرمائیں گے ایک زکوٰۃ ادا کرنے اور عمرہ کرنے کا اور دوسرا انسانیت کی مدد کرنے کا، اہل تشیع کے اکابر علماء نے بھی یہ کہا ہے کہ وہ پیسے اپنے بھائیوں کی مدد کیلئے دے دیں تا کہ ان کی مدد ہو سکے۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا قاسم قاسمی ، مولانا ڈاکٹر ابو بکر صدیق ، مولانا نعمان ، صاحبزادہ ثاقب منیر ، مولانا ذوالفقار ، مولانا ابو بکر حمید صابری ، مولانا شہباز اور دیگر بھی موجود تھے۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اپنے برادر اسلامی ممالک سعودی عرب، قطر ،اور متحدہ عرب امارات کے ذمہ داران نے ہمارے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے رابطہ کر کے امدادی سلسلے کو مزید بڑھانے اور تیزکرنے کا بتایا، امید ہے کہ اگلے 24 گھنٹے میں ان برادر اسلامی ممالک اور دوسرے برادر اسلامی ممالک سے بھی اور امداد آئے گی اور اس کے اعلانات ہوں گے ، اس وقت غیر یقینی اور ایمرجنسی کی صورتحال ہے اس میں پاکستان کے اندر جو تنظیمیں کام کر رہی ہیں جیسے الخدمت ہے ، رحمۃ اللعالمین ہے ، پاکستان علماء کونسل ہے اور جتنی بھی تنظیمیں ہیں سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے اور سب کو اپنا اپنا کردارا دا کرنے کیلئے آگے بڑھنا ہے ۔

ہم لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ جہاں جس چیز کی ضرورت ہے وہاں وہ پہنچائی جائے ۔ وہاں اپنے بھائیوں کی مدد کی جائے اس میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہمارے برادر اسلامی ممالک سعودی عرب ، قطر، متحدہ عرب امارات ، چین نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے تعاون کیا ہے اس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان شاء اللہ پاکستان اب ٹریڈ کی طرف جائے گا۔ اب پاکستان کا مستقبل ٹریڈ سے وابستہ ہے امداد سے نہیں ، کب تک امداد پر گزارا کریں گے۔ پاکستان میں اللہ نے سب کچھ دیا ہوا ہے ایک ترتیب کی ضرورت ہے ۔ عوام الناس سے اپیل کرنا چاہتے ہیں کہ وہ آگے بڑھیں اور اپنے بھائیوں کی امداد کریں کسی کا انتظار نہ کریں۔ تمام سیاسی جماعتوں سے کہتے ہیں کہ وہ ایک پلیٹ فارم پر آ جائیں ۔ سیاست اور پارٹی سے بالا تر ہو کر ریاست، قوم ، قوم کے املاک بچائیں اور قوم کو مستحکم کریں۔ فی الوقت باہمی اتحاد کی طرف توجہ دینا ہو گی

Leave a reply