ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ضلعی انتظامیہ نے میونسپل کمیٹیوں کی حدود میں جانور رکھنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی ہدایت پر اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ضلعی ترجمان کے مطابق پابندی کا اطلاق ضلع کے تمام قصبوں، دیہاتوں کی گلیوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں پر ہوگا، جہاں اب کسی بھی قسم کے مویشی باندھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان کے مطابق ضلع ننکانہ صاحب کی ریونیو حدود میں سڑکوں کے کنارے جانور باندھنا بھی ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے تمام مویشی مالکان کو 15 دسمبر 2025 تک اپنے جانوروں کو رہائشی علاقوں سے منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف میونسپل قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب نے ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کے افسران کو جاری کردہ نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔









