ننکانہ صاحب باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے زیرِ اہتمام گوردوارہ جنم استھان سے تحصیل موڑ تک صفائی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔

آگاہی واک کی قیادت ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ عطیہ عنائیت، ضلعی افسران، سردار سرجیت سنگھ کنول، ستھرا پنجاب کے اہلکار، تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس واک کا مقصد شہریوں میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے شعور پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ:

شہری گلیوں اور بازاروں میں ہرگز کوڑا کرکٹ نہ پھینکیں۔
صفائی ٹیمیں گھر گھر ویسٹ کولیکشن کی سہولت فراہم کر رہی ہیں۔
19 نومبر تک آگاہی دی جائے گی، جبکہ 20 نومبر سے خلاف ورزی پر جرمانے ہوں گے۔
جرمانہ ادا نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور انہیں جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پیرا فورس، ایل ڈبلیو ایم سی اور ضلع کونسل کی ٹیمیں شہر میں جگہ جگہ نگرانی کریں گی اور کوڑا پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ "ننکانہ صاحب کو زیرو ویسٹ سٹی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے” اور اس مقصد کے لیے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے سیوریج کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سیوریج ننکانہ کے باسیوں کا سنجیدہ مسئلہ ہے اور جلد ضلع کے تمام شہروں میں اس کا مکمل حل فراہم کیا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے انکشاف کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ننکانہ سٹی کے لیے 6 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے، جبکہ ضلع کے دیگر شہروں میں بھی سیوریج اسکیموں کی منظوری ہو چکی ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی کے نظام کے قیام اور شہر کو زیرو ویسٹ بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

Shares: